ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟

پیر 26 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان اور خیبرپختونخوا اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، برش اور برفباری کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

تیز بارش سے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے، تیز بارش سے گدو کوئٹہ ٹراسمیشن لائن رات گئے ٹرپ کرگئی، مین ٹرانسمیشن لائن بند ہونے سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کو بجلی تا حال معطل ہے۔

خاران شہر،وادی زیارت میں بھی بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے، زیارت میں برفباری کے بعد سوئی گیس غائب ہوگئی، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، سرانان، جنگل پیر علیزئی اور خانزوئی میں تیز بارش ہوئی ہے جبکہ چمن کے علاقوں کوژک ٹاپ، توبہ اچکزئی اور توبہ کاکڑی میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، سنجاوی، کان مہترزئی، کنجوغی اور بولان، چاغی، دالبندین اور گردونواح میں بھی بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

شمالی وزیرستان میں رزمک اور شوال میں برفباری کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے، میران شاہ، میرعلی، غلام خان اور دتہ خیل کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مزکورہ علاقوں میں بارش اوربرفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

بنوں شہر اور گرد و نواح میں بھی ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا ہے، لکی مروت کے مختلف علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 27 فروری کی شام تک بلوچستان سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

ملکہ کوہسار مری میں بھی آج کالے بادلوں کا راج ہے، اگلے 24 گھنٹوں میں مری اور گلیات میں بارش اور برفباری ہوسکتی ہے۔

سندھ کے مختلف علاقوں میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں کے چلنے کا بھی امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp