بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟

پیر 26 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے شمالی، وسطی اور جنوبی اضلاع میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں برفباری سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی ہے جبکہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ایران اور افغانستان کے راستے بارشوں اور برف باری کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے، صوبے کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ شام سے بارش کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ زیارت، کان مہترزئی، کوژک ٹاپ(چمن)، کولپور، لکپاس (مستونگ) خانوزئی اور گردونواح کے علاقوں میں برفباری کا سلسلہ بھی رات گئے سے جاری ہے، بارش اور برفباری سے صوبے کے شمالی اور وسطی اضلاع میں سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔

بجلی کی سپلائی معطل

کیسکو حکام کے مطابق بلوچستان میں بارشوں کے باعث گڈو سے مین ٹرنسمیشن لائن رات گئے ٹرپ کر گئی، جس سے کوئٹہ کے مختلف علاقوں کو بجلی معطل ہے، کوئٹہ شہر کے 17فیڈر ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہے۔

متاثرہ فیڈرز میں گلستان، سریاب مل، اولڈ جان محمد، سریاب ٹو، سیٹیلائٹ ٹاؤن، خیر بخش مری، جبل نور ، دوستین، ادیان، داریم، خروٹ آباد، ایئر پورٹ، چشمہ،بروری، سرکی روڈ، اے ون سٹی شامل ہیں۔

کوئٹہ شہر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے متاثرہ فیڈرز کی مرمت کا کام شروع نہیں ہوسکا، کیسکو حکام کا کہنا ہے کہ بارش رکنے کے بعد فیڈرز پر مرمت کا کام شروع کیا جائے گا، دوسری جانب سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی شہر کے بیشتر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

قومی شاہراہیں متاثر

بلوچستان کے کئی علاقوں میں برفباری سے کئی شاہراہیں بھی متاثر ہوئی ہیں، برفباری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ این 25 پر کوژک ٹاپ کے مقام پر برف باری سے گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے، مستونگ کے علاقے لکپاس پر بھی برفباری سے گاڑیوں کو گزرنے میں دشواری کا سامنا رہا ہے۔

کوئٹہ سبی شاہراہ این 65 پر کوپلور کے مقام پر برفباری کے باعث پھسلن سے ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہے، کوئٹہ ژوب این 50 شاہراہ بھی خانوزئی اور کان مہترزئی کے مقامات پر برفباری سے متاثر ہے جبکہ قلعہ سیف اللہ لورالائی، این 70 شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔

پی ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے ان شاہراہوں سے برف ہٹانے میں مصروف عمل ہیں،ان شاہراہوں پر نمک کے چھڑکاؤ اور کرین کی مدد سے برف ہٹائی جا رہی ہے۔

بارش اور برفباری کا سلسلہ مزید 2 روز تک جاری رہے گا

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں گزشتہ شام سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 2 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس کے بعد صوبے کے شمالی اور وسطی اضلاع میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp