مریم نواز شریف نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بن کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے، وہ پنجاب کی 30 ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوگئی ہیں۔
پیر کے روز پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے لیے انتخابات ہوئے، انتخابات میں مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار مریم نواز شریف 220 ووٹ لے کر وزیراعلیٰ منتخب ہوگئی اور ملکی تاریخ میں پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر اپنا نام درج کروا دیا۔
اس سے قبل وزیراعلی پنجاب کے عہدے پر کون کون فائز رہا؟
مریم نواز سے قبل پنجاب میں 29 افراد وزیراعلیٰ کے عہدے پر رہ چکے ہیں، کئی نامور شخصیات آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے کی وزیراعلیٰ رہی لیکن مریم نواز سے قبل کوئی خاتون وزیراعلی پنجاب نہیں بنی تھی۔
پنجاب کے پہلے وزیر اعلیٰ کا سہرا افتخار حسین ممدوٹ کے سر سجا، وہ 15 اگست 1947 سے 25 جنوری 1949 تک وزیراعلی پنجاب رہے، میاں ممتاز دولتانہ دوسرے ،فیروز خان نون پنجاب کے تیسرے وزیراعلی رہے۔
سردار عبدالحمید دستی، ڈاکٹر خان، سردار عبدالرشید خان، نواب مظفر علی قزلباش اور شیخ مسعود صادق وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے پر فائز رہے۔
خان حبیب اللہ خان، ملک خدا بخش بچہ کے بعد ملک معراج خالد اور غلام مصطفی کھر نے بھی پنجاب کے تخت پر حکمرانی کی، محمد حنیف رامے،نواب صادق حسین قریشی کو بھی وزیراعلی پنجاب بننے کا موقع ملا۔
مزید پڑھیں
نومنتخب وزیراعلی مریم نواز شریف کے والد محمد نواز شریف نے 1985 میں پنجاب کے 15ویں وزیر اعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا، نواز شریف 2 مرتبہ اس عہدے پر فائز رہے، نواز شریف کے بعد غلام حیدر وائیں لگ بھگ 3 سال تک وزیر اعلیٰ پنجاب رہے۔
غلام حیدر وائیں کے بعد میاں منظور وٹو 2 مرتبہ وزیر اعلیٰ بنے،اس دوران شیخ منظور الہٰی نے بطور نگراں وزیراعلیٰ فرائض نبھائے۔
منظور وٹو کے بعد سردار محمد عارف نکئی پنجاب کے 18ویں وزیراعلیٰ منتخب ہوئے، میاں افضل حیات نگراں وزیر اعلیٰ تھے جن کے بعد 1997 سے 1999 تک مریم نواز کے چچا شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب بنے۔
سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے دور میں سال 2002 میں چودھری پرویز الہٰی وزیراعلیٰ پنجاب بنے، جسٹس ریٹائرڈ اعجاز نثار نے نگراں وزیر اعلیٰ کی ڈیوٹی نبھائی، پھر عارضی طور پر دوست محمد کھوسہ وزیراعلیٰ بنے۔۔۔
دوست محمد کھوسہ کے بعد شہباز شریف ایک بار پھر وزیراعلیٰ بنے جن کے بعد نگراں وزیراعلیٰ نجم سیٹھی کو بنایا گیا، 2013 سے 2018 تک شہباز شریف پھر اس عہدے پر فائز ہوئے،شہباز شریف کو 3 بار وزیراعلیٰ پنجاب بننے کا اعزاز حاصل ہے ، وہ 12 برس سے زائد عرصہ تک وزارت اعلیٰ کی کرسی پر رہے۔
حسن عسکری رضوی بھی 72 دن نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب رہے،2018 سے 2022 تک سردار عثمان بزدار پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز رہے۔
عثمان بزدار کے بعد حمزہ شہباز 87 دن وزیراعلی پنجاب رہے، پرویز الہٰی کو پھر موقع ملا اور وہ 22 جنوری 2023 تک 179 روز کے لیے وزیر اعلیٰ رہے، محسن رضا نقوی 13 ماہ تک نگراں وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز رہے۔
اب مریم نواز 30 ویں شخصیت ہیں جو وزیراعلی پنجاب منتخب ہوئی ہیں لیکن اہم بات یہ ہے کہ مریم نواز پہلی خاتون ہیں جو پاکستان کے کسی بھی صوبے کی وزیراعلی منتخب ہونے میں کامیاب ہوئی ہیں۔