غزہ جنگ: فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ مستعفی ہوگئے

پیر 26 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطین کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بڑھتے ہوئے تشدد اور غزہ میں جنگ کے باعث اپنے استعفیٰ کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق، وزیراعظم محمد اشتیہ نے اپنا استعفیٰ صدر محمود عباس کو پیش کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ انہوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ مغربی کنارے اور یروشلم میں جارحیت میں غیر معمولی اضافے اور غزہ کی پٹی میں جنگ، نسل کشی اور فاقہ کشی کی روشنی میں کیا ہے۔

انہوں نے اپنے استعفیٰ میں مزید لکھا، ’میرے خیال میں اگلے مرحلے اور اس کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نئے حکومتی اور سیاسی انتظامات کی ضرورت ہے جس میں غزہ کی نئی حقیقت کو مدنظر رکھنے اور فلسطینی اتحاد پر مبنی اتفاق رائے کے علاوہ فلسطین کی سرزمین پر اتھارٹی کے اتحاد کی توسیع کی ضرورت ہو۔‘

محمد اشتیہ نے وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب صدر محمود عباس پر امریکی دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ فلسطینی اتھارٹی میں تبدیلیاں اور اصلاحات کریں اور ایک ایسا سیاسی ڈھانچہ بنانے کا آغاز کریں جو جنگ کے بعد فلسطین پر حکومت کرسکے۔

تاہم، اسرائیلی وزیاراعظم متعدد مواقع پر صدر محمود عباس کے زیر سایہ فلسطینی اتھارٹی کے قیام، فلسطینی ریاست اور غزہ پر ان کی حکومت کے امکان کو مسترد کر چکے ہیں۔

توقع ہے کہ صدر محمود عباس فلسطین انویسٹمنٹ فنڈ کے چیئرمین محمد مصطفیٰ کو اگلے وزیراعظم کے طور پر منتخب کریں گے۔

واضح رہے کہ غزہ جنگ میں اب تک 30 ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں تقریباً 23 لاکھ لوگ اس وقت فاقہ کشی پر مجبور ہیں جبکہ 5 سال سے کم عمر کے کم از کم 90 فیصد بچے ایک یا زیادہ متعدی بیماریوں اور 2 سال سے کم عمر بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp