ایف 9 پارک میں درختوں کی کٹائی پرسپریم کورٹ کا ازخود نوٹس

منگل 27 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں درختوں کی کٹائی کے خلاف از خود نوٹس لیتے ہوئے سپریم کورٹ نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کو آئندہ سماعت تک درختوں کی کٹائی سے روک دیا ہے۔

رجسٹرار سپریم کورٹ نے درختوں کی کٹائی سے متعلق نوٹ ججز کمیٹی کو پیش کیا،  3 رکنی ججز کمیٹی نے معاملہ بنیادی حقوق کا قرار دیتے ہوئے نوٹس لیا، چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے تمام فریقین کو آئندہ سوموار تک رپورٹس پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس قاضی فائز عیسی  نے ریمارکس دیے کہ قوم درختوں کو ترس رہی ہے اور سی ڈی اے ایف نائن پارک میں درخت کاٹ رہا ہے، سپریم کورٹ نے سی ڈی اے کو آئندہ سماعت تک درختوں کی کٹائی سے روکتے ہوئے سی ڈی اے، وائلڈ لائف بورڈ اور وفاقی حکومت کو بھی نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

نیویارک کے سینٹرل پارک کی طرز پر 750 ایکڑ پر محیط ایف 9 پارک کا ماسٹر پلان جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی نے تیار کیا تھا، جس پر 2005 میں پاکستانی ماہر تعمیرات نیئر علی دادا نے نظر ثانی کی تھی، اس پارک کو مادر ملت فاطمہ جناح سے موسوم کیا گیا ہے۔ (فائل فوٹو)

سپریم کورٹ نے وکلاء سعد ہاشمی اور حسن رضا کو اس ازخود نوٹس کیس میں عوام کی نمائندگی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پریس ایسوسی ایشن سپریم کورٹ کے صدر اور سیکریٹری کو کمیشن مقرر کیا ہے، اس ضمن میں صدر عقیل افضل اور سیکریٹری عمران وسیم کو پارک کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سی ڈی اے سے دریافت کرتے ہوئے کہ درختوں کی کٹائی کس کے حکم پر ہو رہی ہے اس ضمن میں مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے، عدالت نے درختوں کی کٹائی پر آنے والے اخراجات اور دیے گئےٹھیکے کی تفصیلات بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp