خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں اسپیکر مشتاق غنی اور بلوچستان اسمبلی میں نومنتخب رکن زمرک خان اچکزئی بطور پریزائیڈنگ افسر نومنتخب ارکان سے حلف لیں گے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج دن 11 بجے ہو گا جس میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق غنی نو منتخب اراکان سے حلف لیں گے جبکہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے ناموں کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا۔

سنی اتحاد کونسل کو مخصوص نشستیں ملنے کے حوالے سے فیصلہ نہ ہونے پر خواتین کی 21 اور اقلیتوں کی 4 نشستیں خالی رہیں گی، جبکہ مخصوص 26 نشستوں میں جمیعت علمائے اسلام (ف) اور مسلم لیگ (ن) کی 2-2 خواتین اور پیپلز پارٹی کی ایک خاتون حلف لیں گی۔

اجلاس کے لیے اسمبلی میں تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے، جبکہ 1100 سے زائد مہمانوں کو اسمبلی کارڈ جاری کیے گئے ہیں، جن میں زیادہ تر نو منتخب اراکین کے رشتہ دار اور اہل خانہ کے افراد شامل ہیں۔

اجلاس کے لیے صوبائی اسمبلی کے احاطے میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، اسمبلی چوک، جیل روڈ اور خیبر روڈ پر پولیس تعنیات کر دی گئی ہے۔

بلوچستان اسمبلی کے ارکان بھی آج حلف اٹھائیں گے

بلوچستان اسمبلی میں بھی نو منتخب ارکان آج حلف اٹھائیں گے، بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 3بجے ہوگا، جس میں صوبے کے 65 میں سے 62 کامیاب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

گورنر بلوچستان کی جانب سے مقرر کردہ پریزائیڈنگ افسر زمرک خان اچکزئی نومنتخب ارکان سے حلف لیں گے، اسپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی بیماری کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کرسکیں گے جس کے باعث گورنر نے نومنتخب رکن زمرک خان اچکزئی کو پریزائیڈنگ افسر مقرر کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp