پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ شاداب خان کو اس سیریز کے لئے قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔ اسکواڈ میں چار نئے کھلاڑیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ اعظم خان اور عماد وسیم کی قومی کرکٹ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان نے ہم سے رابطہ کیا تھا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کی آسٹریلیا سے دو طرفہ سیریز منسوخ ہو گئی ہے، ہماری ساری تیاریاں مکمل تھیں،ایسے میں کیا پاکستان افغانستان کے ساتھ کوئی سیریز کھیل سکتا ہے؟
نجم سیٹھی نے بتایا کہ ہم نے افغانستان سے کہا کہ ہمارا تو بالکل موڈ نہیں ہے، یہ دو طرفہ سیریز کا حصہ بھی نہیں ہے اور نہ پلان ہے۔ اتنے کم وقت کے نوٹس میں ہم کیسے کھیل سکتے ہیں! ہمارے کھلاڑیوں نے ابھی پی ایس ایل کھیلی ہے، اس کے بعد نیوزی لینڈ اور سری لنکا نے بھی آنا ہے۔ ہم نے بہت انکار کیا کہ کھلاڑیوں کو آرام دینا چاہیے، پھر حکومت کی طرف سے ہدایت ملی کہ آپ کھیل لیں۔
انہوں نے کہا کہ اب سوچا ہے کہ تمام نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیں گے اس لیے اور سینئر کھلاڑیوں کو آرام دیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کپتان بابراعظم ، محمد رضوان ، شاہین شاہ آفریدی ، حارث رؤف اور فخرالزمان کو آرام دیں گے، اس پر سارے خوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ہمارے بہترین کپتان ہیں ، وہ ٹیم کےکپتان برقرار رہیں گے۔ جس دن وہ کہیں گے اسی دن ان کی کپتانی کا فیصلہ کریں گے، بابر نے پچھلے دو سال میں دنیا کے سب سے زیادہ کھلاڑیوں سے زیادہ میچ کھیلے ہیں۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ہمارے سینئرز کھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ان کی جگہ پکی ہے، نئے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کر رہے ہیں ، اس تناظر میں پاک افغان ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے شاداب خان کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیپارٹمنس کرکٹ بحال کرنے پر بھی کام ہو رہا ہے، اس بارے میں پی سی بی الیکشن کے بعد فیصلہ کریں گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل خبر آئی تھی کہ افغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شاہین شاہ آفریدی کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا جائے گا تاہم سوشل میڈیا پر عوامی دباؤ کے باعث پی سی بی نے فیصلہ واپس لے لیا اور شاداب خان کو کپتان مقرر کردیا ہے۔
دلچسپ امر ہے کہ پاکستانی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان آج صبح تک اس حوالے سے بے خبر تھے ۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک صحافی نے شاداب خان سے سوال کیا کہ سنا ہے کہ افغانستان کے خلاف سیریز میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو آرام دے کر شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنایا جارہا ہے؟
سوال کے جواب میں شاداب خان نے کہا کہ معلوم نہیں کہ بابر اعظم، محمد رضوان یا انہیں آرام کروایا جا رہا ہے، ایسی کوئی بات ہوتی تو ہمیں بتایا جاتا۔
شاداب خان نے کہا کہ میں نے بابر اعظم سے بھی رابطہ کر کے پوچھا ہے، انہیں بھی اس بارے میں کچھ نہیں معلوم، اگر ہمیں آرام کروایا جا رہا ہے تو بتایا جاتا۔
افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لئے شاداب خان (کپتان)، اعظم خان، عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، افتخار احمد، محمد حارث، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شان مسعود، عماد وسیم کو شامل کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں احسان اللہ، صائم ایوب، طیب طاہر اور زمان خان کو بھی افغانستان کے خلاف سریز میں شامل کیا گیا ہے، یہ چار کھلاڑی قومی ٹیم میں ڈیبیو میچ کھیلیں گے۔
ابرار احمد، حسیب اللہ اور اسامہ میر کو بھی ریزرو کھلاڑیوں کے طور پر قومی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ٹی 20 سیریز 24 سے 27 مارچ تک شارجہ میں کھیلی جائے گی۔