حکومت کے لیے ڈیڑھ سے 2 سال مشکل، عمران خان کے الزامات سے نہیں گھبرانا چاہیے، نوازشریف

بدھ 28 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان ہمیشہ الزامات لگاتے ہیں، ان سے نہیں گھبرانا چاہیے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں نواز شریف پر اعتماد کی قرار داد منظور کر لی گئی۔

نوازشریف نے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت پاکستان بہت زخمی ہے، اور ملک کو ٹھیک کرنا جان جوکھوں کا کام ہے۔

انہوں نے کہاکہ ڈیڑھ سے 2 سال حکومت کے لیے بہت مشکل ہوں گے، اس کے بعد ملک مشکلات سے نکل آئے گا، بس نیت ٹھیک ہونی چاہیے تو اللہ بھی مدد کرتا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہاکہ ہمارا واسطہ ایسے لوگوں سے ہے جن کی ذہنیت آج تک سمجھ نہیں آئی، ان کے نزدیک لاجک کوئی چیز نہیں۔

نواز شریف نے عمران خان کا نام لیے بغیر پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جب ہم 2013 کا الیکشن جیتے تو دھاندلی دھاندلی کی رٹ لگنا شروع ہو گئی، اور ہر روز کہا جاتا تھا کہ 35 پنکچر لگے۔

انہوں نے کہاکہ 2013 میں حکومت میں آنے کے بعد میں عمران خان کے گھر بنی گالا گیا اور ہم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملکی معاملات پر مل کر آگے بڑھیں گے، لیکن چند ہی روز بعد سنا کہ لندن میں بیٹھ کر پاکستان میں دھرنے دینے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

قائد ن لیگ نے کہاکہ پھر انہوں نے دھرنے دینا شروع کر دیے اور ہم پاکستان کو لوڈشیڈنگ، دہشتگردی اور معاشی مشکلات سے نکال رہے تھے اور یہ سب کر کے دکھایا۔

مجھے وزارت عظمیٰ سے نکالنے والے ججز آج کہاں ہیں؟

انہوں نے کہاکہ 2017 میں ملک ترقی کر رہا تھا مگر مخصوص ججوں کے ذریعے مجھے وزارت عظمیٰ سے نکال دیا گیا۔ ’میں پوچھتا ہوں کہ آج وہ ججز کہاں ہیں؟ مستقبل میں چیف جسٹس بننے والا ایک جج استعفیٰ دے کر گھر کیوں چلا گیا‘۔

نواز شریف نے کہاکہ جن لوگوں نے مجھے وزارت عظمیٰ سے نکالا انہوں نے پاکستان کے ساتھ ظلم کیا اور اس میں صرف جج نہیں اور بھی لوگ شامل تھے۔

انہوں نے کہاکہ 2013 میں فضل الرحمان نے مجھے کہا تھا مل کر خیبرپختونخوا میں حکومت بناتے ہیں مگر میں نے کہا کہ جس پارٹی کے پاس عددی اکثریت ہے ان کو حکومت بنانے دیں۔

ملک کے ہر بڑے منصوبے پر مسلم لیگ ن کی مہر لگی ہوئی ہے

نواز شریف نے کہاکہ ترقی کا سفر جاری رہتا تو ہم آج جی 20 میں شامل ہو چکے ہوتے، ملک میں ہر بڑے منصوبے پر مسلم لیگ ن کی مہر لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے دور میں ڈالر 104 روپے پر تھا، سبزیوں کے ریٹ کنٹرولڈ تھے، جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو لاکر اقتدار میں بٹھایا وہ ملک و قوم کے مجرم ہیں۔

نواز شریف نے کہاکہ آج ملک کے عوام کا سب بڑا مسئلہ مہنگائی کا ہے، حکومت کو شروع کے ایک سے 2 سال میں مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ ہم نے مشکل کے دور میں ایک ہو کر رہنا ہے اور مخالفین کا بھرپور مقابلہ کرنا ہے۔

ہم نواز شریف کی قیادت میں قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے، شہباز شریف

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے لیے نامزد امیدوار شہباز شریف نے کہاکہ ہم نواز شریف کی قیادت میں قوم کی امنگوں پر پورا اتریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ن لیگ میں شامل ہونے والے آزاد ارکان کو خوش آمدید کہتے ہیں اور مبارکباد پیش کرتے ہیں، آزاد ارکان کی شمولیت کے بعد ایوان میں ہماری تعداد 104 ہو گئی ہے۔

شہباز شریف نے کہاکہ نواز شریف نے اپنے دور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، کراچی کا امن واپس لے کر آئے، اس کے علاوہ سی پیک لایا مگر ان کی حکومت کا تختہ الٹ دیا گیا۔

نواز شریف نے جھوٹے مقدمے برداشت کیے مگر کسی کو میرجعفر نہیں کہا

انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے جعلی اور جھوٹے مقدمے برداشت کیے مگر کبھی کسی کو میر جعفر نہیں کہا۔ قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا انتہائی کٹھن مرحلہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے تمام پارٹیوں اور اداروں کو ساتھ لے کر چلنا ہے تب ہی ملک ترقی کرے گا۔

شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ بہترین ایڈمنسٹریٹر ثابت ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp