گزشتہ رات میچ سے پہلے کراچی کنگز کے کوچ اور کھلاڑیوں کے ساتھ کیا ہوا؟

جمعرات 29 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 28 فروری کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ سے پہلے کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ اور کھلاڑیوں کے پیٹ خراب ہونے کی وجہ سامنے آگئی، ٹیم نے گزشتہ شب کلفٹن کے ساحل پر ہوٹل میں منعقدہ عشائیہ میں شرکت کی تھی۔

کراچی کنگز پی ایس ایل 9 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ سے قبل اپنے 2 اہم کھلاڑیوں سے محروم ہوگئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ سے پہلے کراچی کنگز کے غیر ملکی کھلاڑی انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کرکٹر جیمز وینس اور آسٹریلیا کے ڈینئل سیمز پیٹ کی خرابی کا شکار ہوگئے اور میچ میں شرکت نہیں کرسکے۔

ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ فل سیمنز بھی پیٹ کی خرابی کا شکار ہوگئے، اطلاعات کے مطابق کراچی کنگز کی ٹیم نے گزشتہ شب کلفٹن کے ساحل پر ہوٹل میں منعقدہ عشائیہ میں شرکت کی تھی۔ جس کی وجہ سے غیر ملکی کھلاڑیوں کے پیٹ خراب ہوئے۔

خیال رہے کراچی کنگز کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 7 وکٹوں سے شکست دی۔ ٹورنامنٹ میں اب تک کھیلے گئے 4 میچوں میں سے کراچی کنگز کی یہ دوسری شکست تھی۔

کراچی کنگز کے ہوم گراؤنڈ پر ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا، شہر قائد کراچی میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز اسکور کیے۔

کراچی کنگز کی جانب سے کیرون پولارڈ 28 گیندوں پر 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنگ بیٹر کولن منرو نے 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ ایلکس ہیلز 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اب تک 5 میچ کھیل کر 2 میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ کراچی کنگز نے 4 میچ کھیلے ہیں جس میں سے 2 میں کامیابی ملی ہے اور 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا.

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp