قومی اسمبلی کے نومنتخب رکن اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کو چلانے کے لیے صدقہ دینا پڑے گا۔
مزید پڑھیں
قومی اسمبلی میں وی نیوز سے خصوصی گفتگو میں فاروق ستار نے کہا کہ قومی اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی یا نہیں، یہ سوال اصولاً پہلے دن پوچھنا نہیں چاہیے، اس کے برعکس اگر آپ کے پاس کوئی حوالہ یا ثبوت ہو تو اس پر بات کی جاسکتی ہے۔
’اسپین سے بُل منگوانا پڑے تو اس کا بھی صدقہ دیں‘
انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو کوئی شک و شبہ ہے کہ پارلیمنٹ 5 سال نہیں چلے گی تو انہیں چاہیے کہ وہ بکرے یا گائے کا صدقہ دیں، اتنی بڑی اسمبلی کو چلانے کے لیے اگر اسپین سے بُل منگوانا پڑے تو اس کا بھی صدقہ دینا چاہیے۔
قومی اسمبلی کو چلانے کیلئے صدقہ دینا پڑے گا ؛ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار @DFSMQM#FarooqSittar #NationalAssembly #WENews pic.twitter.com/1wvqnk3bnv
— WE News (@WENewsPk) February 29, 2024
فاروق ستار نے مزید کہا کہ اصل بات ذمہ داری، سیاسی جمہوری رویوں کی ہے، جو حکومت قائم ہوگی اسے تمام اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کو بھی ساتھ لیکر چلنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کو قومی مشاورت کا ایسا فورم بننا چاہیے جہاں قومی پالیسی بنے اور قومی ایجنڈا قائم ہو، اختیار اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل ہونا چاہیے، شہر اور اضلاع اگر ترقی کے انجن بنیں گے تو یہ ملک آگے جائے گا ورنہ ہم اسی منجدھار میں پھنسے رہیں گے اور یہ سوال ہر صحافی پوچھے گا کہ یہ اسمبلی چلے گی یا نہیں چلے گی۔