ممکنہ بارش کے پیش نظر کراچی میں آدھی چھٹی کا اعلان

جمعرات 29 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ممکنہ بارش کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کراچی میں سرکاری و نجی اداروں میں یکم مارچ کو آدھی چھٹی کا اعلان کردیا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بارش کی پیشگوئی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے عوام سے گزارش کی یکم مارچ کو گھروں سے بلاضرورت نہ نکلیں۔

 ڈی جی (پی ڈی ایم اے) سلمان شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد لی شاہ کو بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ پیشنگوئی کے مطابق بارش صوبے کے شمالی علاقوں میں آج رات سے 2 مارچ تک بارش ہونے کا امکان ہے، صوبے کے وسطی علاقوں می یکم مارچ کو بارش کا امکان ہے۔

سلمان شاہ نے بتایا کہ سندھ بھر میں آج سے بارشیں شروع ہونے کا امکان ہے، شہر میں کل دوپہر کے بعد بارش کا امکان ہے شہر کراچی میں 12 گھنٹوں میں 13 تا 16 ملی میٹر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، بلوچستان کے جھل مگسی خضدار کے پہاڑی سلسلے سے بارش کا پانی سندھ میں داخل ہوگا۔

دریں اثنا میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی ایک  ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بارش کے حوالے سے شہر میں انتظامات اور نالوں میں چوکنگ پوائنٹس کلیئر کرنے کے حوالے سے فیصلے کیے گئے ہیں۔

ماضی میں ایسی مثال نہیں ملتی کہ مارچ کے مہینے میں اس طرح کی بارش کی توقع ہو، یہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات ہیں جس پر پوری دنیا میں بات کی جا رہی ہے، متوقع بارشوں کے لیے کے ایم سی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر کارپوریشن نے حکمت عملی بنا لی ہے، متعلقہ افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور تمام افسران و عملہ گراؤنڈ پر موجود رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ لوگوں کی مشکلات کم سے کم ہوں اور فوری کارروائی کرکے ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ انشاء اللہ اس بار بھی کراچی کی انتظامیہ اور متعلقہ عملہ بارشوں کے دوران سڑکوں پر نظر آئے گا۔

دریں اثنا چیف آپریٹنگ آفیسر واٹر کارپوریشن اسد اللہ خان نے تمام اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے شہر بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ممکنہ بارش سے قبل شہر بھر میں 53 سکشن پمپ پہنچا دیے گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارش سے نمٹنے کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ اور مئیر کراچی کے سخت احکامات ہیں، کراچی واٹر کارپوریشن کے سیوریج پمپنگ اسٹیشن پر ڈیزل کی فراہمی کردی گئی ہے، واٹر کارپوریشن شہر قائد میں ہونے والی بارش سے نمٹنے کے لیے بھرپور افرادی قوت کے ساتھ تیار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp