پاک افواج کے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شاندار جرات کا مظاہرہ کیا، آرمی چیف

جمعرات 29 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج نے کردار، جرات اور قابلیت کی شاندار فوجی خصوصیات کو برقرار رکھا ہوا ہے جس کا بھرپور مظاہرہ ہمارے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کیا ہے۔

 جمعرات کو کھاریاں گیریژن میں پاک فوج کی 7 ویں ٹیم اسپرٹ مشق 2024 کی اختتامی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی اور کہا کہ ہمارے نوجوانوں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں اور کردار نا قابل فراموش ہیں۔

 پاک فوج کی 7 ویں 60 گھنٹے کی سخت ترین آرمی سپیرٹ مشق کا مقصد فورم کے شرکاء کی جانب سے جدید فوجی تصورات اور تجربات کے تبادلے کے ذریعے جنگی مہارتوں میں اضافہ کرنا تھا۔

 پاک فوج کی 7 ٹیمیں اور بحرین، اردن، قازقستان، مملکت سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، قطر، امریکا، ازبکستان، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ترکی سمیت دوست ممالک کی 15 ٹیموں نے مشق میں حصہ لیا۔ آذربائیجان، چین، جرمنی، انڈونیشیا، سعودی عرب اور میانمار نے مبصرین کی حیثیت سے مشقوں کا مشاہدہ کیا۔

یہ مشق 25 سے 27 فروری 2024 تک پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں منعقد کی گئی تھی۔ گزشتہ برسوں کے دوران، اس مشق نے دوست ممالک کے لیے ایک بہت مسابقتی پیشہ ورانہ فوجی سرگرمیوں کے طور پر بہت اہمیت حاصل کر لی ہے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مشق کے مختلف مراحل میں شرکت کرنے والی ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی قوت برداشت اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔

 آرمی چیف نے اس طرح کی مشقوں کے دوران باہمی تجربات سے سیکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور اس بات پر روشنی ڈالی کہ پی اے ٹی ایس ایک صحیح فورم ہے، جو تمام شریک فوجیوں کی پیشہ ورانہ فوجی مہارتوں اور فنی مہارت کو مناسب طریقے سے یکجا کرتا ہے جو جنگ کے بدلتے ہوئے کردار کے پیش نظر ٹیم کے انتہائی ضروری جذبے اور پہلوؤں کو فروغ دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پاک فوج نے کردار، جرات اور قابلیت کی شاندار فوجی خصوصیات اور روایات کو برقرار رکھا ہے جس کا مظاہرہ ہمارے جوانوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کیا ہے۔‘

 آخر میں آرمی چیف نے مشق کے شرکاء میں انفرادی اور ٹیم کی مشترکہ بہترین کارکردگی کی بنیاد پر ایوارڈز تقسیم کیے۔ تقریب میں شریک ممالک کے بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے بھی شرکت کی اور ان افواج کے پیشہ ورانہ طرز عمل کو سراہا۔ قبل ازیں کمانڈر منگلا کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp