کراچی میں پی ایس ایل دیکھنے تماشائی کیوں نہیں؟ وسیم اکرم نے وجہ بتادی

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پی ایس ایل 9 کے دوسرے مرحلے میں یوں تو اب باقی میچز کراچی اور راولپنڈی میں کھیلے جارہے ہیں تاہم شائقین کرکٹ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں اب کھیلے گئے 2 میچز میں خال خال ہی نظر آئے، اس حقیقت کو بیشتر نے محسوس تو کیا لیکن کرکٹ سے اس بظاہر ’بیزاری‘ کی وجہ بتانے سے سب ہی قاصر رہے۔

ایسے میں سابق پاکستانی آل راؤنڈر وسیم اکرم، جو آج کل ایک اسپورٹس ٹی وی چینل کے لیے کمنٹری کررہے ہیں، معاملے کی تہہ تک اپنے ذاتی تجربے کی بناء پر پہنچتے ہوئے اصل حقیقیت سے پردہ اٹھادیا، ان کے ساتھی میزبان فخر عالم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اس ضمن میں وسیم اکرم کے ہمراہ ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے۔

ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈیو سے نکل کر ان کی ٹیم نے نیشنل بینک اسٹیڈیم کا رخ کیا لیکن ان پر جو بیتی اس کا کیا بتائیں، یہ کہتے ہوئے انہوں نے اپنے ساتھ بیٹھے ’سوئنگ کے سلطان‘ وسیم اکرم کی طرف کیمرے کا رخ کرتے ہوئے انہیں بولنے کا موقع دیا۔

’یہ ایک ڈراؤنا خواب تھا، اب مجھے سمجھ آگئی ہے کہ کراچی میں لوگ کیوں نہیں جارہے میچ دیکھنے، ہم ڈیڑھ گھنٹہ ٹریفک میں پھنسے رہے، اور پھر یو ٹرن لے کر ڈیڑھ گھنٹے میں واپس آگئے اسٹوڈیو، گراؤنڈ نہیں پہنچ سکے، ہمارا بہترین طریقہ ہے کہ جدھر مسئلہ ہو ادھر کنٹینر لگادو۔‘

اس موقع پر فخر عالم نے اسے ’ٹریجڈی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام تر کارڈز اور اسٹیکرز کے باوجود جب وہ لوگ اسٹیڈیم نہیں پہنچ سکے تو دوسرے لوگ کس طرح پہنچیں گے، ذرا دیکھیں تو کس طرح کراچی کے شہری تکلیف اور مشکلات سے دوچار ہورہے ہوں گے۔

’ہماری کراچی ٹریفک پولیس، انتظامیہ اور کرکٹ بورڈ سے گزارش ہوگی کہ اس مسئلہ کا جلد از جلد حل نکالیں، یہی شاید سب سے اہم وجہ ہے کہ ہم شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اسٹیڈیم میں نہیں دیکھ رہے ہیں۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp