ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، 3 بچے جاں بحق، پاک ایران ریلوے رابطہ منقطع

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان، خیبر پختونخوا ،اسلام آباد، پنجاب، سندھ، کشمیر اورگلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے، بلوچستان میں مختلف علاقوں میں شدید بارش کے باعث حادثات میں 3 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں،ریلوے لائن میں شگاف پڑنے سے پاک ایران ریلوے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

بلوچستان کے علاقے نوشکی، خاران، خضدار، کوہلو، نوکنڈی اور جلمگسی میں شدید بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، خاران میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

نوشگی میں موسلا دھار بارش سے نالوں میں طغیانی آگئی ہے، ریلوے لائن میں شگاف پڑنے سے پاکستان اور ایران کا ریلوے رابطہ منقطع ہوگیا ہے، گوادر میں مکران کوسٹل ہائی وے پر پُل ٹوٹنے سے ایک گاڑی ندی میں گر گئی، تاہم گاڑی میں سوار 3 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت نے گوادر کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے، پاک فوج کی امدادی ٹیمیں بھی گوادر میں شہریوں کی مدد کو پہنچ گئی ہیں، پاک فوج کی امدادی ٹیمیں آفت زدہ قرار دیے گئے علاقوں میں شہریوں میں راشن تقسیم کررہی ہیں۔

بلوچستان کے ضلع گوادر اور تربت کیچ میں ہونے والے نقصانات پر پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کردی

پی ڈی ایم اے  کے مطابق گوادر میں بارشوں سے 50سے گھر مکمل تباہ جبکہ90 سے زائد مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، موسلا دھار بارشوں کے باعث15سے زائد دیواروں کو نقصان پہنچا ہے۔

گوادر اور تربت میں 4شاہراہیں اور ایک پل سیلابی پانی میں بہہ گیا ہے، پی ڈیم اے کے10واٹر پمپ گوادر میں ڈی واٹرنگ کا کام کر رہے ہیں، 40سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

خیبر پختونخوا میں ہری پور، صوابی، مالاکنڈ، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، باجوڑ، خیبر، مہمند اور کرم میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ کوہاٹ، وزیرستان، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اکثر مقامات پر آندھیجھکڑچلنے اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور پہاڑوں  برفباری جاری ہے۔

کراچی میں آج دوپہر سے بارش کے 4 اسپیل کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں بارش کے 4 اسپیل کی پیشگوئی کی ہے، جس کے بعد شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔بارشوں کی پیشگوئی کے تناظر میں سرکاری اور نجی اداروں میں ہاف ڈے جبکہ شام کی شفٹ کے نجی اور سرکاری سکولوں میں چھٹی کا اعلان کردیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے سندھ بھر میں رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام بلدیاتی اداروں، انتظامیہ اور اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل بھی کردی ہے جبکہ کنٹونمنٹ ہیڈکوارٹر میں بھی ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ہے۔کے ایم سی کی جانب سے کراچی شہر بھر میں بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے مشینری پہنچادی گئی ہے۔میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ شہر کے نالوں اور چوکنگ پوائنٹ کو کھول دیا گیا ہے۔

دوسری جانب بہاولپو اور جھنگ سمیت پنجاب اور کرک سمیت خیبرپختونخوا کے بعض شہروں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

اسلام آباد، مری،گلیات میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے  جاری ہے، بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp