مکیش امبانی اپنے بیٹے کی شادی میں کتنے ہزار کروڑ خرچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی اور نیتا امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے اننت امبانی اپنے خوابوں کی دیوی رادھیکا مرچنٹ سے شادی کے بندھن میں بندھنے جا رہے ہیں۔ اس جوڑے کی شادی 12 جولائی 2024 کو ہوگی۔ اس سے قبل آج سے 3 مارچ 2024 تک 3 روزہ پری ویڈنگ تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ کئی مشہور شخصیات، گلوکار اور کاروباری افراد پہلے ہی مکیش امبانی کے آبائی گاؤں جام نگر پہنچ چکے ہیں، جہاں شادی سے پہلے کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

شاہی شادی کی تقریبات کا آغاز پہلے ہی ’انا سیوا‘ کے ساتھ ہو چکا ہے، جس میں امبانی خاندان نے جام نگر میں 51 ہزار دیہاتیوں کو کھانا پیش کیا تھا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امبانی خاندان اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں 1000 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کرے گا۔

9 بار گریمی ایوارڈ جیتنے والی ریحانہ، ہندی موسیقی کی بادشاہ ارجیت سنگھ، دلجیت دوسانجھ، میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ ان کی اہلیہ پرسیلا چن، بل گیٹس، میلنڈا گیٹس اور دیگر معروف شخصیات اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی پری ویڈنگ تقریبات کی شان بڑھائیں گے۔ شاہ رخ خان، رجنی کانت، سلمان خان، عامر خان، سدھارتھ ملہوترا، سیف علی خان اور دیگر شخصیات بھی تقریبات میں شرکت کریں گی۔

دی گارڈین کی رپورٹ کے مطابق تقریبات گجرات کے جام نگر میں امبانی کی رہائش گاہ پر 3 ہزار ایکڑ پر پھیلے باغ میں ہوں گی۔ تقریبات میں قریباً ایک ہزار مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

مہمانوں کے لیے 2500 ڈشز کا انتظام

توقع ہے کہ 3 روز میں مہمانوں کو قریباً اڑھائی ہزار ڈشیں پیش کی جائیں گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ایک ہی ڈش کو دو بار نہ کھائیں۔ یکم سے 3 مارچ تک گجرات کے جام نگر میں اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی سے پہلے کی شاندار تقریبات میں مدعو کیے گئے مہمانوں کے لیے ایک وسیع مینیو کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ کھانے کی متنوع رینج اور غذائی ضروریات کو پورا کرنے پر توجہ کے ساتھ مہمانوں کے لیے کھانے کے ایک یادگار تجربے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق تقریبات کے لیے 25 سے زیادہ ماہر باورچیوں کی ایک خصوصی ٹیم اندور سے جام نگر جائے گی۔ اندوری کھانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ میزوں پر پارسی کھانوں سے لے کر تھائی، میکسیکن اور جاپانی کھانوں کے ساتھ ساتھ پین ایشیائی پکوان بھی شامل ہوں گے۔

3 روزہ تقریبات کے دوران ناشتے میں 70 سے زیادہ آپشنز شامل ہوں گے۔ مہمانوں کے لیے ویجیٹرین ڈشز کا بھی خصوصی انتظام ہے۔ اس سے منفرد بات یہ ہے کہ آدھی رات کے سنیکس بھی فراہم کیے جائیں گے۔ 3 دن پر محیط تقریبات 5 تھیم کے ساتھ پیش کی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp