بھارت نے حساس جام نگر ایئرپورٹ کو بین الاقوامی درجہ کیوں دیا؟

پیر 4 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک غیر معمولی صورتحال میں، نریندر مودی کی حکومت نے گجرات کے قصبے جام نگر میں واقع حساس ڈیفینس ایئرپورٹ کو صرف 10 دنوں کے لیے بین الاقوامی ٹیگ دیا ہے تاکہ معروف بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں مدعو مہمان تقریب کے قریبی مقام پر ہی اتر سکیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان کی سرحد کے قریب واقع بھارتی فضائیہ کے اس ہوائی اڈے کو بین الاقوامی ٹیگ 25 فروری سے 5 مارچ کے لیے دیا گیا ہے۔

ارب پتی گجراتی تاجر مکیش امبانی، جو وزیر اعظم مودی کے قریبی ساتھی بھی سمجھے جاتے ہیں، عالمی سطح کے بہت سے مہمانوں کی میزبانی کر رہے ہیں، جو ان کے بیٹے اننت امبانی کی صنعتکار ویرن مرچنٹ کی بیٹی رادھیکا مرچنٹ کے ساتھ شادی میں شرکت کے لیے دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

جام نگر ایئرپورٹ کی غیر معمولی اپ گڑیڈیشن 

بھارتی ایوی ایشن حکام کے مطابق، 28 فروری سے 4 مارچ کے دوران، جام نگر ایئرپورٹ پر کم از کم 150 طیارے اترنے کی امید ہے، میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں جام نگر ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر سنگھ نے بتایا کہ ان میں سے 50 براہ راست غیر ملکی مقامات سے پرواز کر رہے ہیں۔ ’ان 5 دنوں کے دوران ہوائی اڈے پر 300 سے زیادہ طیاروں کی نقل و حرکت ہو گی۔‘

میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی سے قبل تقاریب میں ان طیاروں میں تقریباً 2000 مہمانوں کی آمد متوقع ہے، جن میں ممبئی اور دہلی کے مہمان بھی شامل ہیں۔

’یہ جام نگر ایئر پورٹ کے لیے ہوائی جہاز کی نقل و حرکت میں کئی گنا اضافہ ہے، جو اوسطاً، روزانہ صرف 3 طے شدہ اور 5 غیر طے شدہ پروازیں ہینڈل کرتا ہے۔‘

معتبر بھارتی اخبار ’دی ہندو‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرکزی حکومت کی وزارت صحت، وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ نے ہوائی اڈے پر کسٹم، امیگریشن اور قرنطینہ کی سہولت قائم کرنے کے لیے وسائل پر زور دیا ہے۔

حساس تکنیکی علاقے تک رسائی کیوں؟

خاص طور پر شادی کے لیے، فضائیہ نے نہ صرف ان نجی طیاروں کو اپنے حساس ’تکنیکی‘ علاقے تک رسائی کی اجازت دی ہے، بلکہ مہمانوں کی بڑی تعداد میں آمد کے پیش نظر  ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے مسافروں کے لیے مختص عمارت کا سائز دوگنا بڑھا دیا ہے۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جام نگر ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے ’دی ہندو‘ کو بتایا کہ توسیع کے اس مذکورہ کام کی منصوبہ بندی بہت پہلے کی گئی تھی لیکن شادی سے قبل مجوزہ تقاریب کے پیش نظر اس میں تیزی لائی گئی تھی، مسافروں کے لیے مختص عمارت میں جہاں پہلے رش کے اوقات میں 180 مسافر سماسکتے تھے وہاں اب تقریباً 360 مسافروں کو ایڈجسٹ کیا جاسکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک مقررہ وقت میں تکنیکی علاقے میں 3 ہوائی جہازوں کو ایڈجسٹ کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے ایئرپورٹ پر افرادی قوت میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے، ہاؤس کیپنگ اسٹاف کی تعداد 16 سے بڑھا کر 51 کردی گئی ہے، اسی طرح بی جے پی کی گجرات ریاست کی حکومت نے بھی سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی 35 سے بڑھا کر 70 کردی ہے۔

دوسری جانب گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیوں نے اپنے عملے کی تعداد 65 سے بڑھا کر 125 کر دی ہے، مکیش امبانی کی ریلائنس انڈسٹریز کو شادی سے قبل کی تقاریب کے لیے آنے والے معززین کے استقبال کے لیے ڈیفینس ایئرپورٹ کے قریب خصوصی انتظامات کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔

گزشتہ برس نومبر میں، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی ’من کی بات‘ ریڈیو تقریر میں امیر ہندوستانیوں سے ’بھارت میں شادی‘ کرنے کی اپیل کی تھی، ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ اپیل مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کے لیے جام نگر کے ڈیفینس ایئرپورٹ پر ان کی حکومت کی خصوصی تیاریوں سے مطابقت رکھتی ہے کہ نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp