خیبر پختونخوا میں شدید بارش اور برفباری، زمینی رابطے منقطع، تعلیمی ادارے بند

جمعہ 1 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے میدانی اضلاع میں تیز بارش جبکہ بالائی علاقوں میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ شدید برف باری کے باعث ضلع چترال میں لواری ٹنل بند ہو گیا ہے جبکہ اَپر اور لوئیر چترال کے تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے گئے ہیں۔

جمعہ کو پشاور سمیت صوبے کے میدانی اضلاع میں صبح سے ہی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ جس سے سردی دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ شدید بارش کے باعث پشاور اور گرد و نواح میں بجلی کی ترسیل کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔

پیسکو کے مطابق مسلسل بارش کی وجہ سے190 فیڈرز فالٹ کی وجہ سے ٹرپ ہوئے ہیں اور  فیلڈ اسٹاف بجلی کی بحالی میں مصروف عمل ہے۔

ترجمان پیسکو کے مطابق بارش کے باعث فیڈرز کی بحالی میں دشواری کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ جبکہ پیسکو فیلڈ اسٹاف تمام حفاظتی انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے بجلی کی بحالی میں مصروف ہیں۔

اپر اور لوئیر چترال میں شدید برف باری، رابطہ منقطع، اسکول بند

ادھر ضلع اپر اور لوئیر چترال میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئیر چترال محمد عمران نے بتایا کہ لواری ٹنل کے مقام پر 2 فٹ تک برف پڑی ہے جبکہ برف باری کا سلسلہ تا حال جاری ہے۔

انہوں نے بتایا برف باری کے باعث چترال پشاور روڈ بند ہے جبکہ روڈ کو کھولنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چترال گرم چشمہ روڈ کو بھی کسی نا خوشگوار صورت حال سے بچنے کے لیے رات کے اوقات کے لیے بند کیا گیا ہےکیوں کہ گرم چشمہ روڈ پر تودے گرنے کا خطرہ ہے۔

ادھر ڈپٹی کمشنر اپر اور لوئیر چترال نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید برف باری کے باعث اپر اور لوئیر چترال میں تمام تعلیمی ادارے ہفتہ کے روز بند رہیں گے۔

بارش اور برف باری سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ 3 مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

برفباری میں پھنسے 6 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا گیا

ادھر ڈائریکٹرجنرل پی ڈی ایم اے محمد قیصر خان نے کہا ہے کہ مالم جبہ میں شدید برفباری کے باعث گزشتہ 10 گھنٹوں سے پھنسے 6 سیاحوں کو ریسکیوکرلیا گیا ہے

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتطامیہ،ریسکیو1122 نے سیاحوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پر اس وقت پی ڈی ایم اے،ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp