امریکی پاپ سپر اسٹار اور بیوٹی آئیکون ریحانہ ایشیا کی سب سے امیر شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کے سلسلے میں ہونے والی تقاریب میں پرفارم کرنے کے لیے ان دنوں بھارت میں ہیں۔
مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت کی شادی دواسازی میں بڑا نام رکھنے والی شخصیت کی صاحبزادی منگیتر رادھیکا مرچنٹ سے 12 جولائی کو شادی ہوگی۔ دونوں کی منگنی 19 جنوری کو قرار پائی تھی۔ ریحانہ پری ویڈنگ تقریبات کے سلسلے میں ہونے والی محفل موسیقی میں اپنے فن کا جادو جگائیں گی۔
مزید پڑھیں
بھارت کے قومی نشریاتی ادارے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق ریحانہ کو ان کی پرفارمنس کا معاوضہ 90 لاکھ امریکی ڈالر (پاکستانی ڈھائی ارب روپوں سے زائد) ادا کیا جائے گا۔
یکم سے 3 مارچ تک گجرات کے شہر جام نگر میں ہونے والے 3 روزہ گالا میں دنیا کی مشہور اور امیر و کبیر شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔ بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کے ستارے بھی مذکورہ گالا میں شرکت کریں گے۔
گلوکارہ اور معروف بزنس وومن ریحانہ بھی جام نگر پہنچ چکی ہیں اور ان کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
28 سالہ دلہا اننت امبانی ریلائنس کی ملکیت والی کئی فرموں کے بورڈز کے ڈائریکٹر ہیں۔ ان کی ہونے والی دلہن رادھیکا مرچنٹ 29 سال کی ہیں۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے شائع ہونے والی تصاویر نے امبانی کے آبائی شہر جام نگر میں نہ صرف ریحانہ بلکہ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پریسیلا چن کی آمد کی بھی تصدیق کی ہے۔
امبانی نے سنہ 2018 میں اپنی بیٹی کے لیے بھارت میں اب تک کی سب سے مہنگی شادی منعقد کی تھی جس پر 10 کروڑ امریکی ڈالر صرف ہوئے تھے۔ اس موقعے پر امریکی پاپ میگا اسٹار بیونس نے پرفارم کیا تھا۔
تقریباً 1,200 افراد پر مشتمل مہمانوں کی فہرست میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کے علاوہ سویڈن کے سابق وزیراعظم کارل بلڈٹ، کینیڈا کے سابق وزیراعظم اسٹیفن ہارپر اور بھوٹان کے بادشاہ بھی شامل ہیں۔ اتوار تک جاری رہنے والی مرکزی تقریبات میں مختلف تھیمز، تقریبات اور ڈریس کوڈز ہوں گے۔
دعوت نامے میں کہا گیا ہے کہ مہمان ہر دن کا آغاز ایک نئے ڈریس کوڈ کے ساتھ کریں گے، جس میں موڈ بورڈز اور ہیئر اسٹائلسٹ، میک اپ آرٹسٹ اور ہندوستانی لباس ڈیزائنرز کی ایک فوج ان کی تیاری میں مدد کے لیے ان کے ہوٹل میں موجود ہوگی۔
66 سالہ مکیش امبانی تیل سے ٹیلی کام تک کی بڑی کمپنی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین ہیں اور فوربس کے ارب پتیوں کی فہرست کے مطابق دنیا کے 10ویں امیر ترین شخص ہیں۔ وہ 116 ارب ڈالر سے زیادہ کے مالک ہیں۔ فوربس نے انہیں ایشیا کا امیر ترین آدمی قرار دیا ہے۔