آج واضح ہوگیا متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ہی اصل ایم کیو ایم ہے،خالدمقبول صدیقی

پیر 13 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) خالد مقبول صدیقی نے لندن کی عدالت میں بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف کیس جیتنے کے حوالے سے کہا ہے آج واضح ہوگیا کہ ہماری تنظیم ہی اصل ایم کیو ایم ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیں موقع دیا کہ شہیدوں کی پراپرٹی ہمیں ملے۔

انھوں نے کہا کہ واپس ملنے والی جائیداد شہیدوں کو  واپس کریں گے اور یہ لوگوں کی فلاح اور شہید، لاپتا اور اسیر کارکنوں کو قانونی امداد کی فراہمی کے لیے استعمال ہوگی۔

لندن ہائی کورٹ نے فیصلہ سنادیا

 یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور موجودہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے الطاف حسین اور دیگر ٹرسٹیز کے خلاف لندن ہائی کورٹ میں کیس دائر کیا تھا جس کافیصلہ سنا دیا گیا ہے اور اس پراپرٹی کو ایم کیو ایم پاکستان کی ملکیت قرار دیا گیا ہے۔

فیصلے کے نتیجے میں الطاف حسین لندن کے ہاتھ سے تقریباً ایک کروڑ پاؤنڈ کی پراپرٹیز اب ان کے ہاتھ سے نکل چکی ہے۔ ان جائیدادوں میں ان کی لندن کی رہائشگاہ اور سابقہ انٹرنیشنل سیکرٹریٹ بھی شامل ہیں۔

عمران فاروق کی بیوہ کو ان کاحق دیاجائے گا،خالدمقبول

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ عمران فاروق کی بیوہ کسمپرسی میں زندگی گزار رہی ہیں انھیں بھی ان کا حق دے دیا جائے گا۔

کیوینر ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کے پاس ایک اسپتال اور ایک یونیورسٹی بھی ہے اور تعلیم و صحت اور خواتین کو ہنر سکھانے کے لیے بھی فنڈ  استعمال کیا جائیے گا۔

ایم کیو ایم  کے وکیل نذر محمد نے لندن سے ویڈیو لنک پرپریس کانفرنس میں شرکت کی۔ ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم اگست  2016  سے ایم کیو ایم کا حصہ نہیں تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp