وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہیلتھ سسٹم میں مرحلہ وار اصلاحات کی منظوری دیتے ہوئے تمام اسپتالوں میں ’ایم ایس‘ میرٹ پر لگانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کرپشن پر زیرو ٹالرنس حکومت کی ترجیح ہو گی۔ مریم نواز شریف نے مریضوں کو فوری مفت ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی منظوری دی۔
مزید پڑھیں
ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت 3 گھنٹے طویل خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ہیلتھ سسٹم کی تشکیل نو، محکمہ صحت کی اپ گریڈیشن کے 5 سالہ پلان اور سسٹم کی اصلاح کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں دیہی اور رورل مراکز صحت، ڈسپنسریوں سے متعلق انتظام کی بہتری کے لیے تجاویز زیر غور لائی گئیں جس کے بعد وزیر اعلیٰ مریم نواز نےہیلتھ سسٹم میں مرحلہ وار اصلاحات کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں ماں اور بچے کی صحت اور ان کے لیے معیاری علاج سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا، جس پر مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ کوئی اسپتال ایسا نہ ہو جہاں ڈاکٹر، عملہ ادویات اور مطلوبہ طبی آلات میسر نہ ہوں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپتالوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ہیلتھ ایڈوائزری کونسل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی، ہیلتھ ایڈوائزری کونسل میں سرکاری حکام، پروفیشنلز اور عوامی نمائندے شامل ہوں گے، وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے بی ایچ یو اور آر ایچ سی کی اپ گریڈیشن اور تعمیر وبحالی کا پلان بھی طلب کر لیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا بی ایچ یو اور آر ایچ سی کا بیرونی اور اندرونی ڈیزائن یکساں رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سیکریٹریز کو ہدایت کی سی اینڈ ڈبلیو 2ہفتے میں بی ایچ یو اور آر ایچ سی کے موک ڈیزائن پیش کریں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپتالوں میں عوام کی رہنمائی کے لیے اردو سائن بورڈز اور فرشی ایرو لائننگ لگانے کی ہدایت بھی کی اور عوام کو مفت ادویات کی فوری فراہمی یقینی بنانے کی بھی منظوری دے دی۔
مریم نواز شریف نے صحت کی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے فیلڈ اسپتال پلان طلب کر لیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اربن ایریا اور دیہات میں مقررہ ایام پر موبائل ہیلتھ یونٹ بھیجیں جائیں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ موبائل ہیلتھ یونٹ میں میڈیکل آفیسر،ایل ایچ وی، ڈسپنسر اور دیگر سٹاف کے علاوہ ضروری طبی آلات ہوں گے، عوام کو صحت کی سہولتیں ان کی دہلیز پر دینے کے لیے پائلٹ پراجیکٹ لاہور سے شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اسپتالوں کو عوامی ضروریات کا تعین کرکے طبی آلات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ نومولود بچوں کے لئے انکو بیٹر کی کمی ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں، ہر ضلع میں ہارٹ، کینسراوردیگر بیماریوں کے علاج کے لیے میڈیکل سینٹر کے قیام کے لیے تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہر شہری کے لیے علاج کی بہتر سہولتیں یقینی بنانا میرا عزم ہے۔ بورڈ آف مینجمنٹ میں میرٹ پر بہترین پروفیشنل اور ٹیکنیکل ممبر شامل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر اسپتال میں خالصتاً میرٹ پر ایم ایس لگائے جائیں گے،کرپشن پر زیر وٹالرنس ہے۔ غریب آدمی کو کینسر کے علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے خصوصی اسپتال قائم کیا جائے گا۔
مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت میں عوام کی آگاہی اور ہیلتھ سکریننگ کو ترجیح دی جائے۔ بی ایچ یو لیول پر ماں اور بچے کی صحت پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اس موقع پر سیکرٹری صحت علی جان نے شعبہ صحت کی اپ گریڈ یشن کے لیے 5سالہ پلان پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سینیٹرپرویز رشید، رکن اسمبلی مریم اورنگزیب،خواجہ سلمان رفیق،خواجہ عمران نذیر،چیف سیکرٹری،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ،سیکرٹری فنانس اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔