نگراں دور میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دینے کے لیے کام کیا، مرتضیٰ سولنگی

ہفتہ 2 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگراں دور حکومت میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دینے کے لیے کام کیا، کوشش کی کہ عوام کو درست اور صحیح معلومات فراہم کی جائیں۔

ہفتہ کے روز نگراں وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی کے اعزاز میں وزارت اطلاعات و نشریات میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

مرتضیٰ سولنگی نے نگراں دور میں وزارت اطلاعات و نشریات کے حکام اور عملے کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران بحیثیت وزیر اطلاعات اپنے فرائض انجام دینے کا موقع ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہاکہ وزارت اطلاعات کا قلمدان میرے لیے بہت بڑا اعزاز اور ذمہ داری تھی۔ نگراں دور حکومت میں جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دینے کے لیے کام کیا، میں نے کوشش کی کہ عوام کو درست اور صحیح معلومات فراہم کی جائیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ میں وزارت کے تمام اداروں کے سربراہان کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے نگراں دور حکومت میں مجھے بھرپور تعاون فراہم کیا، امید کرتا ہوں کہ میرے بعد آنے والے وزیر اطلاعات بھی جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کو فروغ دینے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

مرتضیٰ سولنگی کو یادگاری شیلڈ پیش، خدمات کو خراج تحسین

تقریب میں سیکریٹری وزارت اطلاعات، ایڈیشنل سیکریٹری، پرنسپل انفارمیشن آفیسر، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی ونگ، ڈائریکٹر جنرل انٹرنل پبلسٹی ونگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن سروس اکیڈمی نے نگراں دور میں وزارت کی کارکردگی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد نے کہاکہ وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے ایک مشکل وقت میں وزارت کا چارج سنبھالا، انہوں نے بہت سے چیلنجز کا سامنا کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے مختصر دور میں ہمیشہ جمہوریت اور آزادی اظہار رائے کے لئے کام کیا۔

تقریب کے اختتام پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات نے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp