عمر ایوب کی تقریر سینسر کرنے پر سرکاری ٹیلی ویژن تنقید کی زد میں

اتوار 3 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کی طرف سے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد اُمیدوارعمرایوب نے تقریر پر سینسر لگائے جانے پراحتجاج کرتے ہوئے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ ان کی تقریر بھی پاکستان ٹیلی ویژن ( پی ٹی وی) پر دکھائی جائے۔

اتوار کے روز وزیراعظم کے انتخاب کے بعد میاں شہباز شریف کی تقریر کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے وزیر اعظم کے عہدے کے لیے نامزد امیدوار عمر ایوب کو تقریر کے مائیک پر مدعو کیا تو پاکستان ٹیلی ویژن ( پی ٹی وی) نے ان کی تقریر پر سینسر لگا دیا، جس پرعمرایوب نے ایوان میں سخت احتجاج کیا اور اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ ایوان میں اس وقت اپوزیشن کی قیادت کر رہے ہیں اور سرکاری ٹیلی ویژن پر وزیر اعظم شہبازشریف کی تقریر کی طرح ان کی تقریر بھی نشر کرنا ان کا حق بنتا ہے۔

انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ ان کی تقریر کو بھی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیا جائے جس پر اسپیکر نے پی ٹی وی کو اپوزیشن کی تقاریر بھی دکھانے کا حکم دیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد پارلیمنٹ کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم تحفظات کے باوجود جمہوری عمل میں حصہ لے رہے ہیں لیکن عمرایوب کی تقریر کو لائیو نہ دکھانے پر ہمارے شدید تحفظات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی تقریر براہِ راست نشر کی گئی جبکہ عمر ایوب کی تقریر سینسر کی گئی، عمرایوب کی تقریر میں کوئی ایسا لفظ نہیں تھا کہ جس کو حذف کرنے کا کہا گیا ہو، اسپیکر سے احتجاج کیا ہے، کل بھی ایسا کیا گیا تو ہمارا ساتھ بیٹھنا مشکل ہو جائے گا۔

ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر سرکاری ٹیلی ویژن کی جانب سے اپوزیشن کو بلیک آؤٹ کرنے پر سخت تنقید کی جا رہی ہے، احمد نامی ایک صارف نے لکھا کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے شہباز شریف کی تقریر کے بعد اپوزیشن کی تقاریر پر سینسر لگا دیا، اسپیکر قومی اسمبلی نے جب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو مائیک پر تقریر کے لیے مدعو کیا توسرکاری ٹیلی ویژن نے انہیں یکسر نظر انداز کر دیا۔

صارف نے لکھا کہ حکومتی بیانیہ تو یہ تھا کہ ’ سب کو ساتھ لے کر چلیں گے‘ لیکن اپوزیشن کو اس طرح نظر انداز کرنا اس بیانیے کی حقیقت کے لیے کافی ہے۔

ایک اور ایکس صارف اسرار احمد نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’ کیا پی ٹی وی نے پارلیمنٹ میں وزارت عظمیٰ کے امیدوارعمرایوب خان کے پارلیمان میں خطاب کو لائیو کور کیا؟ اگر نہیں تو کیا مصیبت پڑ گئی تھی؟

انہوں نے لکھا کہ شہاز شریف کی وزارت عظمیٰ کا آغاز ایکس سابق ٹوئٹر کی بندش، میڈیا پر پاپندی اور اپوزیش کی آواز کو دبانے سے ہو رہا ہے؟ ن لیگ میں کوئی رجل رشید نہیں کہ اس طرف توجہ دلائیں۔

ایک اور صارف نے لکھا کہ عمران خان کی تصویر کی وجہ سے پی ٹی وی نے سائیڈ کیمرے سے کوریج دینا شروع کی تو کسی نے عمر ایوب کے کپڑوں اور مائیکروفون پر عمران خان کے اسٹیکرز چسپاں کر دیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp