سنی اتحاد کونسل نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہنگامی طور پر طلب کرنے کے لیے درخواست اسمبلی سیکریٹیریٹ میں جمع کرادی ہے۔
سیکریٹری اسمبلی عامر حبیب کو ریکوزیشن رانا آفتاب احمد خان، چیف وہپ رانا شہباز، کوآرڈینیٹر سینٹرل پنجاب اویس ورک، احمد خان بھچر، معین قریشی اور حسن ذکاء نیازی کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
101 اپوزیشن ارکان کے دستخطوں سے اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرائی گئی اس ریکوزیشن میں امن و امان، مہنگائی کی صورتحال کو زیر بحث لانے کے لئے اسمبلی اجلاس طلب کرنے کا کہا گیا ہے۔
اپوزیشن ذرائع کے مطابق ’مینڈیٹ چوری‘ کے خلاف احتجاج کے دوران کارکنوں کی گرفتاریوں کامعاملہ بھی ایوان میں اٹھایا جائے گا، اس ضمن میں کارکن احمد شاہ کو مبینہ طورپر پولیس کی جانب سے تشدد کانشانہ بنانے کا معاملہ بھی ایوان میں زیر بحث لائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمدخان اپوزیشن کی ریکوزیشن پر 14 روز کے اندر اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے آئینی طورپر پابند ہیں۔