وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج 2024 کا منگل سے آغاز ہو رہا ہے جو یوٹیلیٹی اسٹورز پر چاند رات تک جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں
سال 2023 کی طرح اس سال بھی وزیراعظم پاکستان نے عوا م کی سہولت کے رمضان المبارک کے مہینے میں ساڑھے 7 ارب روپے کی خصوصی سبسڈی کا اعلان کیا ہے جو کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ملک بھر میں پھیلے اپنے نیٹ ورک کے ذریعے عوام تک پہنچائے گا۔
وفاقی حکومت کے اس خصوصی پیکج کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے عوام کو 19 بنیادی اشیا خورونوش بشمول آٹا، گھی، خوردنی تیل، چینی،دال چنا،سفید چنے، بیسن، کجھور،چاول، چائے،مصالحہ جات، خشک دودھ اور مشروبات رعایتی نرخوں پر فراہم کیے جائیں گے۔
رمضان میں غذائی اجناس کی سپلائی وافر رہے گی، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن رمضان کے دوران عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام غذائی اجناس کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنائے گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے اس سبسڈی کے نتیجے میں آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 648 روپے، گھی فی کلو 365روپے، چینی109روپے فی کلو، جبکہ خوردنی تیل پر25 روپے فی لیٹر، دال چنا پر25 روپے فی کلو،سفید چنے پر25 روپے فی کلو، بیسن پرفی کلو50روپے، کجھور پر 50روپے فی کلو، باسمتی چاول پر 25روپے فی کلو، سیلہ چاول پر25 روپے فی کلوروپے، ٹوٹا چاول 25روپے فی کلو، چائے) 800گرام) پر 100روپے اور ٹیٹرا پیک دودھ پر 30روپے لیٹر خصوصی رعایت دی جائے گی۔ مصالحہ جات اور مشروبات بھی سستے داموں فروخت کیے جائیں گے جو کہ بلاشبہ ایک فلاحی اور مثالی اقدام ہے جس سے عام آدمی کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا اور یہی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کے اعلان کے مطابق ا س ماہ رمضان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بی آئی ایس پی کے تحت پی ایم ٹی 60 میں رجسٹرڈ افراد کو 20 کلو آٹا، 5 کلو چینی، 5 کلو گھی، جبکہ 3 کلو چاول، دالیں اور کوکنگ آئل ماہانہ کے حساب سے فرام کیا جائے گا جبکہ دیگر اشیا کی خریداری پر کوئی حد مقرر نہیں ہے۔ مزید برآں اپنی اہلیت جاننے کے لیے یو ٹیلیٹی اسٹورز کی ویب سائٹ http:/usc.org.pk/ramazan/subsidy/score/search سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔
جو افراد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ نہیں ہے وہ فوری طور پر بی آئی ایس پی کے علاقائی دفاتر یا مخصوص یوٹیلیٹی اسٹور پر موجود بی آئی ایس پی رجسٹریشن کاؤنٹرز سے رابطہ کریں۔
بی آئی ایس پی کے علاوہ عام صارفین کے لیے بھی یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے اپنے وینڈرز اور سپلائرز کے ساتھ مل کرخصوصی رعایت کا اہتمام کیا ہے جس کی وجہ سے تمام اشیا بغیر کسی حد بندی کے رعایتی قیمتوں پر حاصل کی جاسکیں گی۔
جنرل صارفین کے لیے ہزار سے زائد اشیا پر 15 فیصد تک رعایت
جنرل صارفین کے لیے 1000 سے زائد اشیا پر بھی 15فیصد تک خصوصی رعایت دی گئی ہے جن کی لسٹیں رمضان کے دوران عوام کی سہولت کے لیے تما م اسٹوروں میں ٓاویزاں کی جائیں گی۔
رمضان المبارک کے دوران اشیا خورونوش کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے جس سے عوام کو کسی بھی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور ان کو ان کی دہلیز پر معیاری اور سستی اشیا کا حصول ممکن ہوگا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز رمضان میں معمول کے مطابق کھلیں گے
رمضان کے دوران ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورز عوام کی خدمت کے لیے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
پیکج کی مانیٹرنگ کے لیے ہیڈ آفس میں مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا گیا ہے جو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے عوام کی شکایات کا فوری ازالہ کریگی اسکے علاوہ پیکج کی شفافیت کے لیے ویجیلنس کو بھی مزید مؤثر بنایا گیا ہے اور مختلف ویجیلنس ٹیمیں پورے پاکستان میں پیکج کی مانیٹرنگ کرے گی تا کہ رمضان پیکج کے تمام تر فوائد عام آدمی تک پہنچائی جا سکیں۔
یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی انتظامیہ اور ورکرز دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ کسی بھی شکایت کی صورت میں 0800-05590 پر کال کریں۔