وزیراعظم شہباز شریف کو نریندر مودی سمیت کس کس عالمی رہنما نے مبارکباد دی؟

منگل 5 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نومنتخب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، جبکہ عالمی رہنماؤں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا شہباز شریف کو مبارکباد کا پیغام

سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو عہدے کا حلف اٹھانے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

سعودی ولی عہد نے شہباز شریف کی کامیابی اور پاکستانی عوام کی مستقل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

روسی صدر پوٹن نے بھی مبارک باد دی

 روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شہباز شریف کو پاکستان کا دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

روسی صدر نے اپنے پیغام میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ شہباز شریف کی قیادت میں مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا شہباز شریف کو ٹیلیفون، نیک خواہشات کا اظہار

دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے اور دوطرفہ تعلقات کو تعاون اور بھائی چارے کی بے مثال بلندیوں تک لے جانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش اور عزم کا اظہار کیا ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے وزیراعظم شہبازشریف کو ٹیلی فون کیا اور انہیں پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

وزیراعظم نے اخوت اور بھائی چارے کے اس احسن اقدام پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لوگوں کے درمیان پائیدار بندھن اور مضبوط مذہبی اور ثقافتی روابط پاکستان اور ترکیہ کے مضبوط رشتے کی بنیاد ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مستقبل قریب میں اسلام آباد میں ہونے والے پاک ترکی اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے آئندہ اجلاس میں صدر اردوان کا خیرمقدم کرنے کا منتظر ہے۔

نریندر مودی کی طرف سے بھی مبارک باد

 بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ ایکس‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے  وزیراعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ انہوں نے لکھا کہ  بطور وزیراعظم حلف اٹھانے پر محمد شہباز شریف کو مبارک باد۔

شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر ملائیشیا کے وزیراعظم کی مبارکباد

اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف کو ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر ٹیلی فون کرکے مبارکباد دی ہے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تاجکسان کے صدر امام علی رحمان کا بھی شہباز شریف کے لیے تہنہیتی پیغام

اِدھر تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے دونوں ممالک طویل المدتی دوطرفہ شراکت داری کو فروغ اور وسعت دیں گے۔

تاجک صدر نے وزیراعظم کو تہنیتی پیغام میں کہا کہ وہ ان کی اچھی صحت اور پاکستان کی پائیدار سماجی اور معاشی ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد میں مزید کامیابیوں کے خواہش مند ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp