سوشل میڈیا سائٹس فیس بک اور انسٹا گرام میں تکنیکی مسئلہ سامنے آنے کے بعد اب فیس بک کی سروسز بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں، تاہم انسٹا گرام تاحال بند ہے۔
فیس بک، انسٹا گرام اور میسنجر میں تکنیکی مسئلے کی وجہ سے صارفین کے اکاؤنٹ چلتے چلتے خود ہی بند ہو گئے تھے۔
مزید پڑھیں
فیس بک اور انسٹا گرام کی سروسز میں خلل صرف پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا میں سامنے آیا۔ جس کی شکایات ’ایکس‘ پر سامنے آئیں۔
فیس بک نے صارفین سے معذرت کرلی
اِدھر فیس بک نے سروسز کی بحالی کے بعد اپنے آفیشل بیان میں کہا ہے کہ ہم صارفین سے معذرت خواہ ہیں، اب سروسز بحال ہو گئی ہیں۔
پی ٹی اے کا موقف
قبل ازیں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم میٹا کو عالمی سطح پر بندش کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی صارفین بھی متاثر ہوئے ہیں۔
پی ٹی اے نے کہاکہ صارفین کو فیس بک کے ساتھ ساتھ انسٹاگرام اور میسنجر پر لاگ ان کرنے اور اپنے پروفائلز تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ کی سروس کافی روز سے بند ہے، صارفین کو ایکس تک رسائی کے لیے وی پی این کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔
ایکس کی سروس بند ہونے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے کوئی بیان بھی سامنے نہیں آ رہا۔
پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے روز بھی موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروسز معطل کی گئی تھیں جس کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔