نارتھ کراچی میں اپنے 3 بچوں سمیت خود کو آگ لگانے والا شخص دم توڑ گیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق نارتھ کراچی میں اپنے 3 بچوں سمیت خود کو آگ لگانے والا شخص محمد عارف دم توڑ گیا ہے، جبکہ ان کے بچوں کی حالت تشویشناک ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
بدھ کے روز نارتھ کراچی میں بے روزگارباپ نے اپنی 2 بچیوں اور ایک بچے کو آگ لگا کر خود سوزی کی کوشش کی، باپ اور بچے جھلس کر شدید زخمی ہوگئے، خود کو اور بچوں کو آگ لگانے والا عارف سول اسپتال کراچی جبکہ تینوں بچے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں زیر علاج تھے،تاہم اب زخمی بچوں کا باپ دم توڑ گیا ہے۔
دوسری جانب جھلسنے والے بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، ڈاکٹر جھلسنے والے بچوں کی جان بچانے کی سرتوڑ کوشش کررہے ہیں۔
پولیس کے مطابق خودسوزی کرنےوالاعارف پھلوں کا ٹھیلہ لگاتا ہے، ابتدائی معلومات کے مطابق عارف نے 2شادیاں کی ہوئی تھی، جھلسنے والے بچوں کی والدہ کا8 ماہ قبل انتقال ہوگیا تھا۔
عارف کی ساس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ عارف نے دوسری شادی ان کی بیٹی سے کی ہے، زخمی بچےعارف کی پہلی بیوی سے ہیں، بچوں کی ماں انتقال کرگئی ہے، عارف ذہنی طور پرڈسٹرب تھے اور ان کا روحانی علاج چل رہا تھا۔
بچوں اور خود کو آگ لگا کر خود سوزی کی کوشش کرنے والے عارف کے سوتیلے بیٹے حماد کا کہنا ہے کہ ’جب ہمیں اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملی تو ہم کام پر تھے، والد کو پیسوں کی کوئی پریشانی نہیں، ہم کماتے ہیں اور والد کا خرچہ پورا کرتے ہیں۔‘
حماد نے میڈیا کو بتایا کہ پچھلے 4 دن سے والد پریشان تھے، راتوں کواٹھ کر بیٹھ جاتےتھے، کھانا بھی صحیح طرح نہیں کھا رہے تھے۔
عارف کے دوسرے سوتیلے بیٹے امان کا کہنا ہے کہ ان کے سوتیلے والد کوئی بھی کام نہیں کر رہے تھے، وہ گزشتہ کئی ماہ سے ان کے ساتھ رہ رہے تھے، آج گھر میں کھانے کے بعد والد بچوں کو لے کر نیچے اترے، معلوم نہیں عارف نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔