خیبر پختونخوا حکومت کا حصہ بننے والے مزمل اسلم کون ہیں؟

بدھ 6 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزارت خزانہ کے ترجمان رہنے والے مزمل اسلم کو خیبر پختونخوا حکومت میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے خزانہ کا قلمدان سونپا جا رہا ہے۔ مزمل اسلم کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ ایک کاروباری شخصیت ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ معاشی تجزیہ کار کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔

تعلیمی قابلیت

مزمل اسلم نے جامعہ کراچی سے بیچلر آف کامرس جبکہ پبلک ایڈمنسٹریشن اور اپلائیڈ اکنامکس میں الگ الگ ماسٹر ڈگری حاصل کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے برطانیہ سے بھی معاشیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی ہے۔

وفاقی ترجمان برائے وزارت خزانہ

2021 میں پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں مزمل اسلم کو وزارت خزانہ کا ترجمان بنایا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق انہیں یہ عہدہ معاشی شعبہ میں 15 سالہ تجربہ رکھنے کی بنیاد پر دیا گیا تھا۔ مزمل اسلم سابق وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ و محصولات بھی رہے ہیں۔

کاروباری شخصیت

لوگ مزمل اسلم کو کراچی کی ایک معروف کاروباری شخصیت کے طور پر بھی جانتے ہیں۔ مزمل اسلم پراپرٹی اور گاڑیوں کے کاروبار سے منسلک ہیں اور وہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی کاروبار کرتے ہیں۔ انہیں شوکت ترین کا دایاں بازو سمجھا جاتا تھا۔ وہ ٹیکس اور بحث و مباحثہ میں مہارت حاصل ہے۔ مزمل اسلم پی ٹی آئی کے فورم سے کئی بار اکنامک سروے بھی جاری کر چکے ہیں۔ انہیں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر معیشت کے حوالے سے منعقدہ کانفرنسز میں خطاب کا بھی موقع ملا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp