یومِ پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ، تیاریاں زور و شور سے جاری

بدھ 6 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یومِ پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی پریڈ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

پاک فوج ہر سال 23 مارچ کو شکرپڑیاں میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے عظیم الشان پریڈ کا مظاہرہ کرتی ہے، امسال بھی 84 ویں یومِ پاکستان آزادی کے موقع پر اسلام آباد کے پرفضا مقام شکرپڑیاں میں واقع پریڈ گراؤنڈ میں افواج پاکستان کی مشترکہ پریڈ کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

23 مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج، رینجرز، ایف سی اور پولیس کے دستے بھی حصہ لیں گے، اس پریڈ میں خواتین کی بھرپور نمائندگی بھی دکھائی دے گی۔
پریڈ میں پاکستان کی مسلح افواج کے جدید ترین جنگی ہتھیار بھی سلامی پیش کرتے دکھائی دیں گے، پاکستان ائیرفورس کے جدید ترین J10C، JF17 تھنڈرز اور JF16 طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے

یوم پاکستان پر وفاقی اکائیوں کی خوبصورت اور متنوع ثقافت کی نمائندگی کرنے والے روایتی فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ بنیں گے۔

یاد رہے کہیوم پاکستان ہر سال 23 مارچ کو ملی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔ نماز فجر کے بعد مملکت خدادا دکی سلامتی کیلئے دعائیں کی جاتی ہیں، وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے اس اہم دن کا آغاز ہوتا ہے، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی بقا کے لیے دعائیں مانگی جاتی ہیں۔

یہ قومی دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا تھا، یہ قرارداد لاہور منٹو پارک میں پیش کی گئی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔

اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہوتی ہے، تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جاتے ہیں، سرکاری و نجی ٹی وی اور ریڈیو چینلز سے خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کیے جاتے ہیں اور یوم پاکستان کی اہمیت سے نئی نسل کو روشناس کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

کراچی میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور لاہورمیں شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی سادہ اور پُروقار تقریبات بھی ہوتی ہیں۔

دوسری جانب مسلح افواج کی جانب سےیوم پاکستان کے موقع پر شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں شاندار پریڈ بھی پیش کی جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp