وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی 18 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے، جس کے ساتھ ہی پنجاب میں حکومت سازی کا مرحلہ مکمل ہوگیا، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس میں کابینہ اراکین سے حلف لیا۔
مریم نواز نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب 26 فروری کو عہدے کا حلف اٹھایا، لیکن فوری طور پر پنجاب کابینہ نہیں بنائی گئی تھی، اب 10 روز کے بعد 18 رکنی پنجاب کابینہ نے گورنر ہاؤس میں حلف اٹھا لیا ہے۔
مزید پڑھیں
اس 18 رکنی کابینہ میں 6 صوبائی وزرا ایسے ہیں جو پہلے بھی پنجاب میں بطور صوبائی وزیر کام کرچکے ہیں۔ ان میں خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، خلیل طاہر سندھو، بلال یاسین، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، رمیش سنگھ شامل ہیں جو شہباز شریف کے ساتھ 2 بار پنجاب میں کام کر چکے ہیں۔ جبکہ 12 وزرا ایسے ہیں جو پہلی بار کابینہ کا حصہ بنے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب کابینہ کے محکموں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
مریم نواز کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق مریم اورنگزیب کو سینیئر وزیر بنایا گیا ہے، جبکہ ان کو پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، جنگلات اور ماحولیات کے محکمے دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ کاظم پیرزادہ کو اریگیشن، عظمیٰ بخاری کو اطلاعات و نشریات، رانا سکندر حیات کو پرائمری ایجوکیشن، خواجہ عمران نذیر کو پرائمری ہیلتھ اور خواجہ سلمان رفیق کو اسپیشلائزڈ ہیلتھ کے محکمے دیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ عاشق کرمانی زراعت، خلیل طاہر سندھو انسانی حقوق، رمیش سنگھ اقلیتی امور، فیصل کھوکھر اسپورٹس، ذیشان رفیق بلدیات، سہیل بھرت مواصلات، چوہدری شافع حسین بزنس اینڈ انڈسٹری، شیر علی گورچانی کو مائنز اینڈ منرلز ک قلمدان تفویض کیے گئے ہیں۔
مریم نواز کے اعلان کے مطابق مجتبیٰ شجاع کو خزانہ اور سہیل شوکت کو سوشل ویلفیئر کا محکمہ دیا گیا ہے۔ وزرا کے محکموں کا نو ٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
2 ماہ بعد کابینہ میں اضافہ ہوگا؟
وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ ابتدائی طور پر 18 رکنی کابینہ تشکیل دی ہے، اس میں ان لوگوں کو وزارتیں دی گئی ہیں جو تجربہ کار اور باہر سے پڑھے لکھے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم دل سے عوام کی خدمت کریں گے۔ پنجاب میں بیرونی سرمایہ کاری کے لیے پورا پیکیج بنا رہی ہوں، سرمایہ کاروں کے لیے پنجاب کو معاشی حب بنائیں گے، یہ میرا خواب ہے جسے ہر صورت پورا کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ 2 سے 3 ماہ کے اندر کابینہ کا حجم بڑھایا جائے گا جس میں پیپلزپارٹی کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ’ہو سکتا ہے میری کابینہ 35 سے 36 وزرا پر مشتمل ہو‘۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اور معاون خصوصی بھی ہوں گے؟
ابتدائی طور پر 18 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا ہے۔ اس 18 رکنی کابینہ میں کوئی بھی وزیراعلیٰ مریم نواز کا نا تو مشیر ہے اور نا ہی کوئی معاون خصوصی لگایا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع نے وی نیوز کو بتایا کہ ہوسکتا ہے کہ پرویز رشید اور رانا ثنااللہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشیر مقرر کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چاہتے ہیں کہ رانا ثنااللہ مرکز میں ان کے ساتھ ہوں جبکہ مریم نواز انہیں پنجاب میں اپنے ساتھ بطور مشیر داخلہ رکھنا چاہتی ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی تک حمتی فیصلہ نہیں ہوا۔
مسلم لیگ ن کے ذرائع نے بتایا کہ خواجہ سعد رفیق ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے جس کے بعد انہیں بھی مرکز میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی۔