پشاور میں خواجہ سراؤں پر ایک بار پھر حملہ کیا گیا اور اس مرتبہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خواجہ جاں بحق جبکہ ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔
اے ایس پی محمد علیم فقیر آباد نے وی نیوز کو بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ فقیر آباد میں خواجہ سراؤں کی رہائشی عمارت اقبال پلازا میں پیش آیا جس کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں
محمد علیم کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے اقبال پلازہ میں خواجہ سرا پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خواجہ سرا اور راہ گیر زخمی ہو گیا جنہیں اسپتال پہنچادیا گیا۔
خواجہ سرا کی شناخت عمر نواب عرف عاصمہ شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوئی۔ واقعہ بظاہر ٹارگٹ کلنگ کا لگتا ہے۔ زخمی شخص اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔
گزشتہ تھوڑے عرصے میں خواجہ سراؤں پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ 2 روز قبل بھی اقبال پلازا میں فائرنگ سے کالجی نامی خواجہ سرا زخمی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تھی اورفرار ملزمان کی کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
اے ایس پی نے بتایا کہ علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس 26 دسمبر کو بھی فقیر آباد میں ہی ایک خواجہ سرا کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔