ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر آندھی و تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو بالائی خیبر پختونخوا ،شمالی پنجاب، گلگت بلتستان ، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی بلوچستان میں شدید سردرہے گا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہا تاہم شمالی و جنوب مغربی بلوچستان اور بالائی سندھ میں چند مقامات پر بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں کوئٹہ (سمنگلی، سٹی11)، دالبندین، قلات06، پنجگور 05 اور گوادرمیں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت کالام منفی 12، لہہ منفی11 ،استور ، گوپس منفی 06،قلا ت منفی 05، چترال منفی 03، بگروٹ، دیر، دروش، میر کھانی، راولاکوٹ اور اسکردو میں منفی 2 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
این ڈی ایم اے نے احتیاطی اقدامات کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکیں بند ہونے کے علاوہ سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے احتیاطی اقدامات سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقے اب بھی مغربی ہواؤں کے زیر اثر ہیں اور یہ سسٹم 6 مارچ سے بالائی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے مغربی حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان، کشمیر اور پوٹھوہار کے علاقے میں تیز ہوا و آندھی کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔
ملک کے زیادہ تر حصوں میں بنیادی طور پر سرد اور خشک موسم کی توقع ہے۔ 8 مارچ سے 10 مارچ کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں ابر آلود موسم کی توقع ہے۔ وسطی اور جنوبی پنجاب کے چند مقامات پر بارش کے ساتھ ساتھ پاکستان کے شمالی حصوں میں برف باری کی توقع ہے۔ اسی طرح 10 مارچ سے 12 مارچ کے دوران بلوچستان کے جنوبی اور شمالی حصوں یعنی کیچ، گوادر، لسبیلہ، کوئٹہ، قلات اور خضدار میں بارش اور ہوا /آندھی کی توقع ہے۔
کے پی کے کے مغربی /بالائی حصوں اور کشمیر میں ہوا و آندھی کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ ملک کے باقی حصوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بالائی کے پی، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے لہذا سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دوران سفر موسمیاتی حالات سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کے پی کے شمالی حصوں یعنی شانگلہ، مالم جبہ، دیر اوپر، چترال، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں درمیانی سے شدید برف باری کی توقع ہے۔ برف باری سے سڑکوں کی عارضی بندش بھی ہو سکتی ہے۔
علاوہ ازیں بالائی علاقوں یعنی سوات، اپر دیر، اپر کوہستان، چترال، ہنزہ اور کوئٹہ، چاغی اور کیچ میں بلوچستان کے نالوں میں سیلاب صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ گوادر، لسبیلہ، خضدار، قلات اور قلعہ عبد اللہ میں بارشوں سے اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔