کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے جمعرات کی شب سینٹرل جیل اڈیالہ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے ہے۔
راولپنڈی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اورسی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اڈیالہ جیل کو بڑی تباہی سے بچا لیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے مطابق گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے اڈیالہ جیل کا نقشہ، ہینڈ گرینیڈ اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد برآمد کیے گئے ہیں۔
سٹی پولیس آفیسر راولپنڈی خالد ہمدانی کے مطابق راولپنڈی پولیس اور سی ٹی ڈی کی مشترکہ کارروائی میں گرفتار تینوں دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سے ہے، جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
CTD & @RwpPolice conducted a joint operation near #AdyalaJail 3 #Afghan terrorists arrested heavy weapons, Map of Adyala Jail & important documents recovered. pic.twitter.com/PhsO4imXfc
— Shabbir Dar (@ShabbirAdar) March 6, 2024
راولپنڈی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے تفتیش کی جارہی ہے دوسری جانب پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اڈیالہ جیل کے اطراف سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ سینٹرل جیل اڈیالہ میں اس وقت گنجائش سے دوگنا زائد قیدی موجود ہیں، سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ بھی اسی جیل میں قید ہیں۔