سوئی سدرن کی جانب سے سندھ اور بلوچستان کے لیے گیس لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا گیا، شیڈول کے مطابق ادارہ ماہ رمضان کے دوران اپنے تمام صارفین کی سہولت کے لیے سحری اور افطاری کے تیاری کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔
سوئی سدرن گیس نے اپنے معزز صارفین کو آمدِ رمضان کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ماہِ رمضان کے دوران اپنے تمام صارفین کی سہولت کے لیے سحری اور افطاری کے تیاری کے اوقات میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔ ہر سال گیس کے ملکی ذخائر میں ہونے والی 8 سے 10 فیصد تک کمی کی وجہ سے سوئی سدرن گیس کے سسٹم میں گیس کی طلب اور رسد میں بھی واضح کمی موجود ہے۔
مزید پڑھیں
سوئی سدرن کے مطابق اس لیے گیس کے بہتر پریشر کو یقینی بنانے کے لیے گیس پریشر کی پروفائلنگ کو جاری رکھا جائے گا، جس کے اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوں گے، جبکہ رات کے اوقات میں یہ پروفائلنگ رات دس 10 بجے سے تین 3 بجے تک کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ان اوقاتِ کار کا تعین ماہِ رمضان میں سحری اور افطار کے لیے کھانا پکانے کی تیاری کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ صفر کرنے کی ہدایت کی
دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سحر اور افطار کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہ کریں۔
یہ پیشرفت وزیراعلیٰ کی زیر صدارت رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔ اجلاس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں پورے صوبے میں سحر اور افطار کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کے الیکٹرک، حیسکو اور سیپکو کو ماہ مقدس میں بجلی کی سپلائی برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔