عمران خان سے ملنے نہیں دیا جا رہا، جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف تحریک استحقاق پیش کریں گے، عمر ایوب

جمعرات 7 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رہنما سنی اتحاد کونسل عمر ایوب نے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے مجھے اپوزیشن لیڈر نامزد کیا ہے، آج ہم عدالتی حکم کے ساتھ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے آئے ہیں، ہمیں جیل سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ نے ملاقات نہیں کرنے دی، جیل سپرنٹنڈنٹ کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائیں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر سنی اتحاد کونسل کے رہنما عمر ایوب نے سابق اسپیکر اسد قیصر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ ایم این ایز حضرات موجود ہیں، ہمیں جیل سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ نے ملاقات نہیں کرنے دی، شہباز شریف نے فلور آف دی ہاؤس پر رول آف لا کی بات کی تھی، میرا شہباز شریف سے سوال ہے کہاں ہے آپ کا رول آف لا۔

عمر ایوب نے کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ منتخب نمائندوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دے رہا، قومی اسمبلی میں جیل سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ کے خلاف تحریک استحقاق جمع کرائیں گے، لیڈر آف دی اپوزیشن کو اپنے قائد سے ملنے سے روکا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم لوگ اس چیز کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہاں بھی اور قومی اسمبلی میں بھی اس کی بھرپور مذمت کریں گے۔

گرینڈ الائنس تحریک چلانے جا رہے ہیں، اسد قیصر

اسد قیصر نے کہا کہ اس قسم کے ہتھکنڈوں کے باعث یہ ہمیں مایوس نہیں کر سکتے، 2 باتیں واضح کرنے جا رہا ہوں کہ ہم  گرینڈ الائنس تحریک چلانے جارہے ہیں۔

دوسری بات  یہ ہے کہ جو لوگ فارم 47 کے ذریعے اسمبلی میں آئے ہیں ان کو اسمبلی سے باہر نکالیں گے، اور جو ہمارے لوگ فارم 45 کے مطابق جیتے ہوئے ہیں ان کو اسمبلی میں لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک کی پارٹیوں کو اکٹھا کریں گے اور ان کے خلاف تحریک چلائیں گے۔ اس وزیر اعظم کو اسمبلی میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp