شان مسعود اور شاداب میں تلخ کلامی: ’حیدر علی نے بدلہ لے لیا‘

جمعہ 8 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک کے سب سے بڑے ٹی20 ٹورنامنٹ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )سیزن 9 کے میچز اس وقت راولپنڈی میں کھیلے جارہے ہیں۔ شائقین کے ساتھ کھلاڑیوں کا جوش و جذبہ بھی عروج پر ہے ۔ تماشائیوں کے شور اور بیٹرز کے فلک بوس چھکوں میں ایک تلخ کلامی کا واقعہ بھی پیش آیا۔ راولپنڈی میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل میچ کے دوران کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے درمیان ریویو لینے کے معاملے پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

شاداب خان نے اعتراض کیا کہ شان مسعود نے ریویو کے لیے مقررہ وقت سے تجاوز کیا ہے۔ شاداب کے اعتراض کے باوجود شان مسعود نے ریویو لیا جس پر سلمان آغا آؤٹ ہونے سے بچ گئے کیونکہ گیند بلے پر نہیں بلکہ آغا سلمان کے پیڈ سے ٹکرائی تھی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی بڑھنے سے پہلے ہی ایمپائرز نے آگے بڑھ کر انہیں الگ کر دیا۔ اس واقعے کے فوراً بعد ہی پہلے سلمان علی آغا کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے اور پھر اعظم خان اور شاداب بھی آؤٹ ہو گئے۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے شان مسعود کے رویے کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

ایک صارف نے شان مسعود کے رویے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں، آپ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ہیں لیکن آپ پاکستانی ٹیم کے مقروض نہیں ہیں۔ اور یہ کیا سلوک ہے؟

سپورٹس جرنلسٹ احتشام لکھتے ہیں کہ شان مسعود کا رویہ اس پی ایس ایل میں بالکل بدل گیا ہے۔ پہلی بار جب حارث رؤف نے بالکل کلین کیچ لیا اور اب شاداب خان کے ساتھ باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے آخری اوور میں کیچ لیتے ہوئے حارث رؤف گر کر زخمی ہو گئے تھے، لیکن ان کے کیچ پر شان مسعود نے اعتراض بھی اٹھا دیا۔

تھرڈ امپائر نے اگرچہ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ رؤف نے کیچ مکمل کر لیا ہے۔ کراچی کنگز کے کھلاڑی اس فیصلے سے متفق نظر نہیں آئے، کپتان شان مسعود کو تھرڈ امپائر کے فیصلے پر ڈریسنگ روم سے احتجاج کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

سپورٹس جرنلسٹ فرید خان لکھتے ہیں کہ تلخ کلامی کے بعد شاداب خان اور شان مسعود کو ایک دوسرے سے گلے لگاتے دیکھ کر بہت اچھا لگا۔

ایک صارف نے لکھا کہ میچ کے دوران گرما گرمی کے بعد شاداب خان نے میچ ختم ہونے پر شان مسعود کو گلے لگا لیا۔ یہ شاداب خان کی جانب سے شاندار سپورٹس میں اسپرٹ کا مظاہرہ ہے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ شاداب خان اور شان مسعود کی لڑائی کا حیدر علی نے بدلہ لے لیا۔ یاد رہے کہ حیدر علی نے 16 گیندوں پر ایک چھکے اور 2 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ فہیم اشرف 8 گیندوں پر 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہےاوراسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک بار پھر ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے شان مسعود سے ہونے والی گرما گرمی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شان بھائی کو تھوڑی غلط فہمی ہوگئی تھے جس پر وہ ناراض ہوئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp