پی ٹی آئی کا مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج، لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجا سمیت متعدد گرفتار

اتوار 10 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف آج ملک گیر احتجاج کیا جا رہا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام اور لاہور سمیت ملک کے مخلتف شہروں میں پی ٹی آئی کی جانب سے ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجا سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

اسلام آباد میں کشمیر ہائی وے پر پی ٹی آئی کی جانب سے ریلی نکالی جا رہی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام ہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

لاہور میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت پی ٹی آئی کے رہنما علی اعجاز بٹر نے کی۔

ایم پی اے حافظ فرحت عباس سمیت دیگر زیرحراست

کارکنان جب جی پی او چوک پہنچے تو ریلی کو روکنے کے لیے پولیس نے کریک ڈاؤن کیا اور کارکنوں کو منتشر کر دیا۔ اس دوران پی ٹی آئی کے ایم پی اے حافظ فرحت عباس سمیت 10 کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی کے احتجاج میں شریک میاں محمود الرشید کے بیٹے ڈاکٹر حسن محمود کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ جبکہ رکن پنجاب اسمبلی ہارون اکبر کو بھی اچھرہ سے پولیس نے حراست میں لیا ہے۔

واضح رہے کہ 8 فروری کو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کے بعد چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم نے حلف اٹھا لیا ہے، جبکہ آج صدر مملکت آصف زرداری بھی حلف اٹھا چکے ہیں۔ تاہم پی ٹی آئی کا الزام ہے کہ وہ انتخابات میں جیتی ہوئی تھی لیکن الیکشن کمیشن نے دھاندلی کے ذریعے اسے ہرایا۔

پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جب تک فارم 45 کے مطابق نتئاج جاری نہیں کیے جاتے تب تک ان کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp