پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے اور متعدد چھوٹے بڑے شہروں میں سڑکوں کو بلاک کردیا گیا ہے۔
تمام ذمہ داران اور کارکنان ملک میں جہاں موجود ہیں فوری نکلیں!جو ذمہ داران اور کارکنان لاہورکےقریب ہیں وہ لاہور پہنچیں اور باقی اپنےعلاقوں میں نکلیں۔ یہ فیصلہ کن وقت ہے،ایسی غیرقانونی گرفتاری کا مقصد سازش کےعلاوہ کچھ نہیں۔یہ گرفتاری قتل کی سازش ہے، بصورت دیگر اسکی کوئی توجیح نہیں!
— Senator Saifullah Khan Nyazee (@SaifullahNyazee) March 14, 2023
مری میں جی پی او چوک بند
مری میں تحریک انصاف کے ایم این اے صداقت عباسی کی قیادت میں تحریک انصاف کے کارکنوں نےا حتجاج کرتے ہوئے جی پی او چوک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں احتجاج
پنجاب کے مختلف علاقوں میں تحریک انصاف کے کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں احتجاج کررہے ہیں۔راولپنڈی مری روڈ پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان آنکھ مچولی جاری ہے اور احتجاجی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کے ساتھ لاٹھی چارج بھی کیا ہے۔
پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے حکومت پر زور دیا جا رہا ہے کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہیں انھیں کسی صورت گرفتار نہیں کرنے دیا جائے گا۔ جوں ہی مرکزی قیادت نے احتجاج کی کال دی پورے ملک میں کارکنان سڑکوں پر نکل آئے۔
قائد عمران خان سے اظہار یکجہتی: تحصیل خان پور ضلع رحیم یار خان! #زمان_پارک_پہنچو pic.twitter.com/L6QlQGtafO
— PTI (@PTIofficial) March 14, 2023
پشاور میں مختلف جگہوں پر احتجاجی مارچ
پشاور میں بھی تحریک انصاف کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی جارہی ہے۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے شیر شاہ سوری روڈ کوٹریفک کے لیے بند کردیا اور پریس کلب سے گورنر ہاؤس کی جانب بھی رواں دواں ہوئے۔ اس کے علاوہ کوہاٹ میں کچہری چوک میں بھی احتجاج کیا۔
تحریک انصاف کے کارکنان نے پریس کلب سے خیبر پختونخوا اسمبلی تک مارچ کیا اور اسمبلی چوک کے مقام پر خیبر روڈ کو بند کر دیا۔ وہاں بڑی تعداد میں ورکرز دکھائی دیے۔
پشاور میں پی ٹی آئی کارکنوں پرشیلنگ اورواٹرکینن کااستعمال
احتجاجی مظاہروں کے دوران کئی مقامات پر پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنان آمنے سامنے آگئے اور پشاور میں اسمبلی چوک پر روڈ کو بند کرکے احتجاج کرنے والے مظاہرین کو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور واٹرکینن کااستعمال کرکے منتشر کردیا۔
لکی مروت میں کارکنان کا احتجاج
لکی مروت میں بھی کارکنوں کی جانب سے احتجاج کے دوران انڈس ہائی وے کو گنڈی چوک کے مقام سے بند رکھا گیا اور اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عمران خان کا سامنا کرنے سے گھبرا رہی ہےا ور اگر پی ٹی آئی چیئرمین کو گرفتار کیا گیا تو پورا ملک جام کردیں گے۔
پشاور. پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے پشاور پریس کلب کے باہر روڈ کو بلاک کردیا۔ pic.twitter.com/w8nWQNYS3q
— PTI (@PTIofficial) March 14, 2023
بلوچستان میں تحریک انصاف کے کارکنان سڑکوں پر نکل آئے
بلوچستان کےد ارالحکومت کوئٹہ میں تحریک انصاف کے کارکنان نے ایئرپورٹ روڈ کواحتجاجاً بلاک کردیا اور عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی گئی اور اس کے علاوہ کوئٹہ میں بلیلی اور سریاب روڈ کو بھی بلاک کر دیا گیا ۔
کوئٹہ میں پی ٹی آئی کا ایئرپورٹ روڈ پر دھرنا ساڑھے 3 گھنٹے تک جاری رہا جس کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے اور ٹریفک بحال ہوگئی۔
چیئرمین عمران خان کی ممکنہ غیر قانونی گرفتاری کے خلاف کوئٹہ میں عوام سڑکوں پر نکل آئی، عالمو چوک اور چمن ہاؤسنگ سکیم پر روڈز بند کر کے احتجاج شروع۔#PakistanUnderFascism pic.twitter.com/L7CY8tLD4Y
— Qasim Khan Suri (@QasimKhanSuri) March 14, 2023
کراچی میں کارکنان کا احتجاج
تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکرٹری مبین جتوئی نے کارکنان کو سندھ بھر میں احتجاج کی کال دی جس کے بعد مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے احتجاج ریکارڈ کرایاجا رہا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے کراچی میں کارکنان نمائش چورنگی پر احتجاج کے لیے جمع ہوئے۔
نمائش چورنگی پر تحریک انصاف کے کارکنان کا احتجاج۔ pic.twitter.com/wKSFfquEfx
— Irfan ul Haque (@IrfanHaqueS) March 14, 2023
حیدرآباد،جامشورو،شکارپورمیں احتجاجی مارچ
حیدرآباد ،جامشورو،شکارپور سمیت دیگر علاقوں میں بھی کارکنان سڑکوں پر نکلے ہیں اور حکومت کو خبردار کیا کہ کسی بھی ایسے اقدام سے گریز کیا جائے جس سے ملک میں انارکی پھیلے۔
مظاہرین نے فائرنگ کرکے 3اہلکاروں کو زخمی کردیا،اسلام آباد پولیس
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ ایکسپریس وے پر پی ٹی آئی مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایس ایچ او کھنہ سمیت 3 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیاگیا اور سڑک کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بحال کردیاہے۔
ایکسپریس وے پر پی ٹی آئی مظاہرین کا پولیس پر پتھراؤ۔
پتھراو سے ایس ایچ او کھنہ سمیت تین اہلکار زخمی۔
زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایکسپریس وے کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔#ICTP
— Islamabad Police (@ICT_Police) March 14, 2023
واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پہنچی ہے جہاں زمان پارک کے باہر پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس آمنے سامنے ہیں۔