تھانہ کورال کے علاقہ میں شہید پولیس کانسٹیبل کی نمازہ جنازہ ادا، جسدِ خاکی آبائی گاؤں روانہ

اتوار 10 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تھانہ کورال اسلام آباد کے علاقہ میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے پولیس جوان شعیب افضل کے جسدِ خاکی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد پورے اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں منڈی بہاؤالدین روانہ کر دیا گیا۔

اتوار کو شہید ہونے والے کانسٹیبل شعیب افضل کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی،  نماز جنازہ میں اسلام آباد سپرنٹنڈنٹ پولیس آفیسر (آئی سی سی پی او) ڈاکٹر اکبر ناصر خاں سمیت بڑی تعداد میں پولیس جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد ڈاکٹر اکبر ناصر نے شہید شعیب افضل کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید شعیب افضل نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کی۔ شہید کی قربانی ہرگز رائیگاں نہیں جائے گی۔ ان کی شہادت میں ملوث ملزمان کو ہرصورت کیفرکردار تک پہنچایاجائے گا۔

اس موقع پر آئی سی سی پی او نے شہید کے لواحقین کی ہر طرح سے بھرپورمدد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہید شعیب افضل انتہائی نڈر اور فرض شناس تھے۔

حال ہی میں ان کی بہترین فرض شناسی پر انہیں آئی سی سی پی او کی طرف سے تعریفی سند اور انعام سے نوازا گیا تھا، شہید شعیب افضل 2019 میں بطور کانسٹیبل اسلام آباد پولیس میں بھرتی ہوئے تھے۔ شہیدکے جسدخاکی کو پورے اعزاز کے ساتھ آبائی گاؤں  منڈی بہاوالدین روانہ کردیاگیا۔

اس سے قبل ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس کا کہنا تھا کہ تھانہ کورال کے علاقہ میں پولیس ٹیم نے مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا، چھاپے کے دوران ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، جس سے پولیس جوان محمد شعیب شدید زخمی ہوگئے جن کو اسپتال منتقل کیا گیا لیکن کو جانبر نہ ہوسکے اور زخمی کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp