’ہر کوئی بابر اعظم نہیں ہوتا جو خاموشی سے تنقید برداشت کر لے‘

پیر 11 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 9 ویں ایڈیشن کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کو شکست دے کر ایونٹ کے پلے آف مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے شاندار اننگزکھیلی اور 4 فلک شگاف چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے نصف سنچری بنا کراپنی انگلی ہونٹوں پر رکھ کر جشن منایا جس پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید ہورہی ہے کیونکہ لاہور قلندرز اس ٹورنامنٹ میں پہلے ہی باہر ہو چکی ہے اور شاہین آفریدی کی بطور کپتان خراب کارکردگی پہلے ہی تنقید کی زد میں ہے، شائقین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اتنی خراب پرفارمنس کے باجود ایسے جشن منانا انہیں زیب نہیں دیتا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر عمران صدیق نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’شاہین نے 28  گیندوں پر نصف سنچری بنائی لیکن وہ ایسے جشن کیوں منا رہے ہیں‘۔

شاہد اسلم نامی ایکس صارف نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی توجہ پرفارمنس کی بجائے فنکاری پر ہے۔

شکیل ارشد یوسفزئی نے اپنی پوسٹ میں شاہین شاہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’ ان سے بس یہی حرکتیں کروالو، بچوں والی حرکتیں ہیں ساری۔ ٹیم آخری نمبر پہ ہے‘ انہوں نے شاہین شاہ آفریدی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اب یہ لوگوں کو ایسے چپ کرائیں گے۔

عامر سہیل نے بابر اعظم کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’ ہر کوئی بابر اعظم نہیں ہوتا کہ خاموشی سے تنقید برداشت کر لے‘۔

یاد رہے کہ لاہور اس سے قبل لاہور قلندرز کے بیٹر عبداللہ شفیق کو ایسے جشن منانے پر سابق کپتان وسیم اکرم کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم عبداللہ شفیق نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے وسیم اکرم کو جواب دیا اور کہا کہ سابق کپتان وسیم اکرم مجھ سے زیادہ کرکٹ کو جانتے ہیں، وہ ان کی رائے ہے، البتہ میں اتنا کہنا چاہوں گا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف میچ میں میری سیلیبریشن محض ایک اتفاق تھی، جو ایک بے ساختہ ردعمل تھا۔

قبل ازیں سابق کپتان وسیم اکرم نے گزشتہ دنوں عبداللہ شفیق کو کیچ تھامنے کے بعد خاموش کروانے والی سیلبریشن پر آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ دورہ آسٹریلیا میں 2 کیچز ڈراپ کرکے پی ایس ایل میں ایک کیچ تھامنے کے بعد منہ پر ہاتھ رکھ کر کس کو خاموش کروارہے ہیں؟ انہوں نے کہا تھا کہ کوئی یہ بتائے 36 کیچ ڈراپ کرکے آئے ہیں، اس کاجواب کون دے گا؟ میرے خیال میں انہیں کرکٹ چھوڑ کر ڈراموں میں کام کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp