پروفیشنل کرکٹ میں 25ہزار رنز، بابر اعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

پیر 11 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بابر اعظم نے دُنیائے کرکٹ میں اپنی دھاک بٹھانے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پروفیشنل کرکٹ میں 25 ہزار رنز مکمل کرنے کا عالمی اعزاز بھی حاصل کر لیا ہے۔ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے کے لیے محض 32 رنز کی دوری پر تھےجو انہوں نے پی ایس ایل 9 میں کراچی کنگز کے خلاف مکمل کیا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور منفرد اعزاز حاصل کرنے والے بیٹر بابر اعظم گزشتہ سال عالمی آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں بھی پہلے نمبر پر براجمان رہے۔

بابر اعظم کو اپنے کیریئر میں 25 ہزار رنز کو عبور کرنے کے لیے 32 رنز درکار تھے جو انہوں نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں کراچی کنگز کے خلاف بیٹنگ کے دوران مکمل کیے۔ بابر اعظم نے کراچی کنگز کے خلاف ایک بار پھر شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 51 رنز اسکور کیے۔

واضح رہے کہ بابراعظم نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 5 ہزار 950 ، کیٹیگری اے میں 8 ہزار 645 رنز بنائے جب کہ ٹی- 20  فارمیٹ میں 10 ہزار 405 رنز مکمل کر رکھے ہیں۔

بابر اعظم ٹی۔20 فارمیٹ میں تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں، وہ مجموعی طور پر 10 ہزار ٹی۔20 رنز بنانے والے 13 ویں بلے باز ہیں۔

بابر اعظم نے 271 ٹی۔20 اننگز کھیل کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ ان کے مد مقابل ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 285 اننگز کھیل کر 10 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔بابراعظم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) میں بھی 3 ہزار رنز مکمل کرنے والے واحد بیٹر ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp