کراچی سے گمشدہ بچوں کا ڈراپ سین، رات بھر کہاں رہے؟

بدھ 13 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم سے لاپتہ ہونے والے کم عمر بہن، بھائی انابیہ اور ایان گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق، بچوں کی والدہ شمائلہ ناز نے سوشل میڈیا پر بچوں کے ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جو لوگ بچوں کو لے کرگئے تھے وہی چھوڑ کرگئے ہیں۔

انہوں نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نامعلوم نمبر سے فون آیا، جس کے بعد بھائی رینجرز اہلکاروں کے ساتھ پہنچا تو بچے اس بتائی ہوئی جگہ پر موجود تھے۔

دوسری جانب، ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بچوں کو نارتھ ناظم آباد کی حدود سے ہی بازیاب کرایا گیا ہے۔ ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے جاری بیان میں کہا گیا کہ ضابطے کی کارروائی عمل میں لانے کے بعد بچوں کو والد کے حوالے کردیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک کی اطلاعات کے مطابق بچوں کا کہنا ہے کہ وہ خود گئے تھے، بچوں سے بیان لینے کے لیے کچھ دیر میں خود ملاقات کروں گا۔

واضح رہے کہ کراچی کے علاقہ نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ سے دو کم عمر بہن بھائی مبینہ طور پر لاپتا ہو گئے تھے، لاپتا بچے ایان اور انابیہ رات 11 بجے کے بعد کسی وقت گھر سے نکلے لیکن پھر واپس نہیں آئے۔

بچوں کے اس طرح لاپتا ہوجانے پر ان کی والدہ شمائلہ ناز نے انہیں ہر جگہ ڈھونڈنے کی کوشش کی سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کیا مگر کچھ پتا نہیں چلا، انہوں نے دردمندانہ انداز میں شہریوں سے اس ضمن میں معلومات شیئر کرنے کی اپیل کی ہے۔

شمائلہ ناز نے بتایا کہ ان کے بچے کہیں نہیں جاتے تھے، اس رات برگر لینے نیچے اترے اور 25 منٹ تک واپس نہیں آئے تو ان کے بھائی دیکھنے گئے لیکن بچوں کا کچھ پتا نہیں ملا۔

’شوہر سے میری 9 سال پہلے علیحدگی ہوچکی ہے، علیحدگی کے بعد انہوں نے دوسری شادی کرلی تھی، میں دبئی شفٹ ہوگئی، میں نے بچوں کو تعلیم کے سلسلے میں اپنی والدہ کے پاس چھوڑاہوا تھا۔‘

بچے گزشتہ رات ساڑھے 11 بجے گھر سے نکلے اور لاپتا ہوگئے، پولیس کو واقعے کی اطلاع دے دی گئی تھی اب تک کچھ معلوم نہیں ہوسکا۔

ایس ایس پی سینٹرل نے بچوں کے مبینہ طور پر لاپتا ہونے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا تھا۔

نانی اور خالہ گالیاں دیتی تھیں

لاپتا ہونے والے بہن بھائی کی جانب سے پولیس کو دیے گئے بیان کے مطابق ہم اپنی مرضی سے گھر سے نکلے تھے۔ ہم نے ایک انکل آنٹی کے گھر رات گزاری تھی۔

بھائی ایان کا بیان ہے کہ نانی اور خالہ گالیاں دیتی تھیں اور گھر کی صفائی کراتی تھیں۔ انکل آنٹی نظر آئے تو ان کے پاس گئے جو اپنے گھر لے گئے اور ہمارا خیال رکھا، ایان

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp