وزیراعلیٰ مریم نواز نے 7 روز میں ’پنجاب ٹورازم پلان‘ طلب کر لیا

بدھ 13 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں سیاحت کے فروغ اور سیاحوں کو سہولیات و سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے 7 روز میں ایک جامع ’پنجاب ٹورازم پلان‘ طلب کیا ہے جبکہ صوبہ بھر میں ٹورسٹ سائٹ کی میپنگ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے زیر صدارت آج ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی سیکریٹری سیاحت نے ٹورازم اور مذہبی سیاحت کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو 5 سال میں ٹورازم حب بنانے کا ہدف پورا کیا جائے گا، ٹورازم کے فروغ کے لیے قلیل المدتی اور طویل المدتی حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آنے والے سکھوں اور دیگر مذاہب کے پیروکاروں کو مکمل ٹورسٹ پیکیج دیا جائے گا، ہر سیاح کو عالمی معیار کی سہولیات دینے کے لیے جامع پلاننگ کی جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ سیاحت کے لیے آنے والے ہر فرد کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے سکھ یاتریوں کے لیے مقدس مقامات کی نشاندہی اور ڈویلپمنٹ کے لیے پلان بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب میں مذہبی سیاحت کے لیے موجود مقامات کی میپنگ کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے صوبے میں بیساکھی میلہ منانے کی تجویز پر اتفاق کرتے ہوئے اس کی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو منصب سنبھالنے پر دنیا بھر کی سکھ برادری کی جانب سے موصول ہونے والے خیرسگالی پیغامات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا، سیکریٹری سیاحت، سیکریٹری اوقاف، سیکریٹری داخلہ، ایم ڈی ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن، ڈی جی آرکیالوجی، جی ایم آپریشنز اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp