بالی وڈ اداکار ونود کھنہ کا کیریئر ایک دم کیوں ختم ہوگیا؟

بدھ 13 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اگر ہم 1970 یا 1980 کی بالی وڈ انڈسٹری کی بات کریں تو سب سے زیادہ امیتابھ بچن، ریکھا، دھرمیندر اور راجیش کھنہ جیسے اداکاروں کے نام ذہن میں آتے ہیں۔ مگر ان کے علاوہ بھی ایسے بہت سے اداکار تھے جو اُس وقت کافی مقبول تھے لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر ان کا کیریئر آگے نہ بڑھ سکا۔ ان میں سے ایک ونود کھنہ بھی ہیں جو کہ پرانے بالی وڈ کے بہت بڑے ناموں میں سے ایک تھے۔

فلم ناقدین 1970 یا 1980 میں ونود کھنہ اور اس وقت کے بہترین اداکار امیتابھ بچن کو ایک دوسرے کا حریف سمجھتے تھے، پھر ایک وقت ایسا آیا کہ ونود کھنہ کی بالی وڈ میں پذیرائی کم ہوگئی اور وہ دوبارہ پہلے جیسی مقبولیت حاصل نہ کرسکے، سوال یہ ہے کہ اس کی کیا وجہ تھی؟

ونود کھنہ نے اپنی زندگی میں کچھ ایسے فیصلے کیے جن کا منفی اثر ان کی مقبولیت اور شہرت پر پڑا۔

انہوں نے بالی وڈ میں شروعات ’من کے میت‘ فلم 1968 میں کی۔ یہ فلم خاصی پسند کی گئی اور ونود کھنہ کو ان کی کارکردگی پر خوب سراہا گیا، ونود کھنہ اس کے بعد سے، ایک کے بعد ایک ہٹ فلم دیتے گئے، مثلاً ’میرا گاؤں‘، ’میرا دیش‘، ’سچا جھوٹا‘، ’آؤ ملو سجنا‘، ’پورب اور پچھم‘۔

ایسا کیا ہوا کہ آج ہم ونود کھنہ کو اتنا یاد نہیں رکھتے جیسے امیتابھ بچن کو؟

کچھ فلمیں تو ونود کھنہ اور امیتابھ بچن نے ایک ساتھ کیں۔ سبب یہ تھا کہ اس وقت ونود کھنہ اور امیتابھ بچن شہرت کے عروج پر تھے۔ ان کی ایک ساتھ فلموں میں ’امر‘، ’اکبر‘، ’انتھونی‘ اور ’پرورش‘ شامل ہیں، لیکن جب ’مقدر کا سکندر‘ اور ’خون پسینہ‘ جیسی فلمیں ریلیز ہوئیں، تو امیتابھ نے ونود کھنہ پر اپنی پرفارمنس سے برتری حاصل کی جس سے ونود کو خاصا نقصان ہوا۔

ونود کھنہ ایک اور غلط فیصلہ کر بیٹھے، جو یہ تھا کہ انہوں نے اپنے روحانی گرو رجنیش اوشو کی پیروکاری میں فلموں سے 5 سال کی بریک لے لی، یہ بریک ان کے لیے سب سے زیادہ نقصان دہ ثابت ہوئی کیونکہ جب وہ واپس انڈسٹری میں آئے تو کوئی ان کو فلموں میں نہیں لینا چاہتا تھا۔

رواں صدی(2000) کی دہائی میں ونود کھنہ کو کچھ کردار ملنا شروع ہوئے، لیکن اس وقت بننے والی بالی وڈ فلموں میں شائقین نے ونود کھنہ کو ہمیشہ ایک باپ کے روپ میں دیکھا ۔ ان کی فلمی زندگی کے اگلے دور میں بننے والی فلموں میں شامل ہیں ’وانٹڈ‘، ’دبنگ‘، اور ’دبنگ 2‘۔ یہ سب فلمیں اداکار سلمان خان کے ساتھ تھیں۔

ونود کھنہ اپریل، 2017 میں انتقال کر گئے، ان کی وفات کے بعد ان کو 2018 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp