وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کے دوسرے مرحلہ میں داخل ہونے کے لیے تیار ہے۔ پاکستان اورچین مشترکہ اقدار، ترقی اور باہمی خوشحالی کے ایجنڈے کے تحت مل کر آگے بڑھیں گے، سی پیک پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔
چینی خبررساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم پاکستان نے کہاکہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کا عظیم منصوبہ متعلقہ ممالک میں غربت کے خاتمہ، سرمایہ کاری میں اضافہ اورصحت و تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے اہمیت کاحامل ہے، عالمگیر معاشروں کو اکٹھا کرنے کے لیے اس سے بہترماڈل نہیں ہوسکتا، صنعتی پارکس اوربرآمدی زونز میں چین کی جدید ٹیکنالوجی اورپاکستان کی سستی لیبر کی مدد سے چینی تاجروں و سرمایہ کاروں کے ساتھ ٹیکسٹائل، اسٹیل اور دیگرشعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے لیے چشم براہ ہیں۔
مزید پڑھیں
چینی صدرشی جن پنگ کی طرف سے 3 مارچ کو وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے انتخاب کے بعد مبارکباد کے پیغام کے جواب میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر کی پرتپاک مبارکباد اورپاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے پران کا شکریہ اداکیا اوران کے جذبہ کوسراہا۔
وزیراعظم نے کہاکہ وہ نہ صرف ہماری مشترکہ دوستی اورپاکستان کے عوام بلکہ باہمی تعاون کے لیے بھی چینی صدر کے ان جذبات کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، میرے لیے یہ ایک بہت ہی اچھا آغازہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان دوستی 70 برسوں سے زیادہ عرصہ پرمحیط ہے، دونوں ممالک کی قیادت نے دوستانہ تعلقات کوفروغ دینے میں اپنا کردار ادا کیا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات آزمودہ ہیں۔
پاک چین دوستی ہمیشہ وقت کی آزمائش پر پورا اتری
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک ”آئرن برادرز“ ہیں اور پاک چین دوستی ہمیشہ وقت کی آزمائش پر پورا اتری ہے، دونوں ممالک کی دوستی کو اب مزید بلندیاں سرکرنا ہیں۔
چین میں جدت اور ماڈرنائریشن پرروشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے یہ بات زور دے کر کہی کہ پاکستان کواس ماڈل کی پیروی کرنا ہوگی، یہ ایک کامیاب ماڈل اور کامیاب کہانی ہے، چین کی بصیرت رکھنے والی قیادت نے اپنے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے بے مثال ترقی کے ذریعہ کروڑوں عوام کوغربت سے نکالا اور وسیع تر دیہی آبادی کو تعلیم، صحت، طبی خدمات اورروزگارتک رسائی دی۔
وزیراعظم نے کہاکہ چین کے جدت کاری کے ماڈل نے بڑھوتری و نمو کے مراکز اور شعبے قائم کیے جہاں سائنس و ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ مسابقتی مصنوعات تیار ہوئیں۔
پاکستان کو چینی ماڈل کی پیروی کرنا ہوگی
انہوں نے کہاکہ چیلنجز کے باوجود حالیہ برسوں میں دیگر ممالک کے مقابلہ میں چین کی نمو ثابت قدم رہی ہے جوقابل ذکر کامیابی ہے، غربت کے خاتمہ، نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی، دیہی علاقوں، قصبوں اورشہروں میں چھوٹے اور درمیانے درجہ کے کاروبار کے جلد آغاز، زراعت وصنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اوردیگرپلیٹ فارمز کی ترقی کے لیے پاکستان کو چینی ماڈل کی پیروی کرنا ہوگی۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جنہوں نے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے گروپ آف فرینڈز میں شمولیت اختیار کی، پاکستان چین کی تجویز کردہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو اور گلوبل سیکیورٹی انیشیٹو کی مکمل حمایت کرتا ہے اورہم سمجھتے ہیں کہ ان اقدامات سے عالمگیر کمیونیٹز کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم نے بی آر آئی کو بصیرت افروز منصوبہ قرار دیدیا
وزیراعظم نے چین کے بیلٹ اینڈروڈ انیشیٹو (بی آرآئی) کی تعریف کی اوراسے بصیرت افروز منصوبہ قرار دیا جو براعظموں تک پھیلا ہوا ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ یہ منصوبہ ممالک میں غربت کے خاتمہ، سرمایہ کاری میں اضافہ اورصحت و تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے اہمیت کاحامل ہے، عالمگیرمعاشروں کو اکٹھا کرنے کے لیے اس سے بہتر ماڈل نہیں ہو سکتا۔
شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان چین کی جدید ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعت اور زرعی شعبہ میں چین کو راغب کرے گا کیونکہ چین اب ہائی ٹیک اوراعلیٰ معیار کی پیداوار کی طرف بڑھ رہاہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ سی پیک پاکستان کی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ساتھ ہم آہنگ ہے، کونسل کے قیام کا مقصد سرخ فیتہ کاخاتمہ اور منصوبوں میں تاخیرورکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چینی سفیر کی ملاقات
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت اقدامات کے بروقت نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے انتھک محنت کرے گی۔
انہوں نے وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے پر چینی صدر اور وزیراعظم کے پیغامات پر چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے چینی قیادت کے گرمجوشی کے جذبات کا گرمجوشی سے جواب دیا اور پاکستان اور چین کے درمیان آہنی دوستی کو مضبوط بنانے کے لئے ان کے تعاون اور عزم کو سراہا۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ان کی حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت اقدامات کے بروقت نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے انتھک محنت کرے گی۔
چینی سفیر کی شہباز شریف کو دورے کی دعوت
اس موقع پر چینی سفیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چینی قیادت اور حکومت پاک چین دوستی کو مزید گہرا کرنے کے خواہاں ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو جلد از جلد چین کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
دعوت قبول کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ وہ یہ دورہ باہمی طور پر مناسب تاریخ پر کریں گے جس پر سفارتی ذرائع سے کام کیا جائے گا۔