عام انتخابات میں رکن قومی اسمبلی اور رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے پر 6 سینیٹرز نے اپنی نشستوں سے استعفیٰ دیا تھا، سینیٹ کی ان خالی نشستوں پر آج انتخاب ہو رہا ہے۔ اسلام آباد کی ایک، سندھ کی 2 اور بلوچستان سے سینیٹ کی 3 خالی نشستوں پر انتخاب ہورہا ہے، جو قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں صبح 9 سے شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔
سینیٹ کی اسلام آباد کی نشست پر سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی اور سنی اتحاد کونسل کے چوہدری الیاس مہربان کے درمیان مقابلہ ہے۔ یہ نشست یوسف رضا گیلانی نے ہی عام انتخابات میں ملتان سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد چھوڑی تھی۔ اسلام آباد کی نشست کے لیے پولنگ قومی اسمبلی اسلام آباد میں ہو رہی ہے، اس انتخاب میں یوسف رضا گیلانی کے جیتنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
مزید پڑھیں
سندھ سے سینیٹ کی 2 نشستیں پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو اور جام مہتاب حسین ڈھر نے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہونے پر چھوڑی تھیں، ان 2 نشستوں پر اب پیپلزپارٹی کے محمد اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو کا سنی اتحاد کونسل کے نذیر اللہ اور شازیہ سہیل کے ساتھ مقابلہ ہے۔ پولنگ سندھ اسمبلی میں جاری ہے، جبکہ یہ نشستیں پیپلزپارٹی کے محمد اسلم ابڑو اور سیف اللہ دھاریجو کو ملنے کا امکان ہے۔
بلوچستان سے سینیٹ کی 3 نشستیں مولانا عبدالغفور حیدری کے رکن قومی اسمبلی اور پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی منتخب ہونے پر خالی ہوگئی تھیں، اب ان 3 نشستوں پر 7 امیدواروں جمیعت علماء اسلام کے عبد الشکور، ن لیگ کے دوستین ڈومکی، پیپلز پارٹی کے عبدالقدوس بزنجو، بلوچستان عوامی پارٹی کے کہدو بابر، مبین خلجی، اور 4 آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔
واضح رہے بلوچستان سے ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جمیعت علما اسلام کو ایک ایک نشست ملنے کا امکان ہے۔