پی ایس ایل: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

جمعرات 14 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کا 147 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18.3 اوورز میں ہی مکمل کر لیا۔

پشاور زلمی کے 147 رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی طرف سے یاسر خان اور کپتان محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا تو 61 کے مجموعی اسکور پر کپتان محمد رضوان 15 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر صائم ایوب کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ 84 کے مجموعی اسکور پر گری جب اوپنر بیٹر یاسر خان شاندار 54 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے، انہیں مہران ممتاز نے اپنی ہی گیند پر کیچ پکڑ کر آؤٹ کر دیا۔

ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ 119 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب جوہانسن چارلس 11 رنز بنا کر سلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے عثمان خان نے نا قابل شکست 36 رنز بنائے جب کہ افتخار احمد نے نا قابل شکست 22 رنز اسکور کرکے ٹیم کو فتح دلا دی۔ پشاور زلمی کی طرف سے مہران ممتاز، عامر جمال، سلمان ارشاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے فیلڈنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔

کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کی 2 ٹاپ ٹیموں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کے درمیان  کوالیفائر راؤنڈ کے لیے مقابلے میں  پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

ملتان سلطانز کے خلاف پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹ پر 146 رنز بنائے۔ کپتان بابر اعظم 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس کے علاوہ کیڈمور نے 24، محمد حارث نے 22، صائم ایوب ایک، حسیب اللہ 3، رومین پاؤل 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پال والٹر اور لوک ووڈ 14، 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کرس جارڈن اور اسامہ میر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔ڈیوڈ ولی، محمد علی اور عباس آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ آج جیتنے والی ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی جبکہ ہارنے والی ٹیم ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم سےمقابلہ کرے گی۔

ایلیمنٹرون کل اسلام آباد یونائیٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ہوگا۔یہ میچ ہارنے والی ٹیم کا سفر ختم ہوجائے گا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم میں ایک تبدیلی ہے دیکھنے میں آئی۔ اس مرتبہ طیب طاہر کی جگہ خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پشاور زلمی نے بھی اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔ نوین الحق اور ایمل خان کی جگہ پال والٹر اور سلمان ارشاد اب ٹیم کا حصہ بنائے گئے۔

بابراعظم نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا

پی ایس ایل سیزن 9 میں پشاور زلمی کی قیادت کرنے والے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے 2024 میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ایک ہزار رنز مکمل کر لیے۔

بابراعظم نے اپنے 21 ویں میچ میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ایک ہزار رنز مکمل کیے جبکہ وہ پی ایس ایل سیزن 9 میں 500 رنز مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہوگئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp