پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا

ہفتہ 16 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حبیب بینک پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )9 کے ایلمینیٹر 2 کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آج کے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پشاور زلمی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز کا ہدف دیا، جبکہ جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پشاور زلمی کی بیٹنگ

پشاور زلمی کی طرف سے کپتان بابر اعظم اور صائم ایوب نے اننگزکا آغاز کیا تو72 کے مجموعی اسکور پر بابر اعظم 25 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، دوسری وکٹ 131 کے مجموعی اسکور پر گری جب صائم ایوب 4 چھکوں اور6 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد شاداب خان کی گیند پر فہیم اشرف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پشاور زلمی کی تیسری وکٹ 139 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد حارث40 رنز کی اننگز کھیلنے کےبعد نسیم شاہ کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو ئے ۔

چوتھی وکٹ 158 کے مجموعی اسکور پر گری جب روومین پاول2 رنز بنانے کے بعد میک کوئے کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، پانچویں وکٹ 160 کے مجموعی اسکور پر گری جب ٹام کوہلر18 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔عامر جمال نے 17 اور حسین طلعت نے 8 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ نے 3 ، اوبد میک کوئے اور شاداب خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، کپتان شاداب خان نے میچ میں 4 کیچ بھی پکڑے، نسیم شاہ کی گیند پر تینوں کیچ شاداب خان نے لیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ

186 رنز کے ہدف کے تعاقب نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم شروع میں مشکلات کا شکار دکھائی دی تاہم عماد وسیم اور حیدر علی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ پیش کیا اور یوں یونائیٹڈ نے ایک اوور قبل ہی میچ جیت کر فائنل کے لیے ٹکٹ کٹوا لیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عماد وسیم نے 59 جبکہ حیدر علی نے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں، اس کے علاوہ مارٹن گپٹل 34 اور اعظم خان 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پشاور زلمی کی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، حسین طلعت، روومین پاول، عامر جمال، لیوک ووڈ، مہران ممتاز، عارف یعقوب، خرم شہزاد شامل تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم میں شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، مارٹن گپٹل، سلمان علی آغا، اعظم خان (وکٹ کیپر)، حیدر علی، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، حنین شاہ، عبید میک کوئے شامل تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp