ٹرافی نہیں جیتے تو ہر سال پلے آف کھیلنے کی کوئی اہمیت نہیں، ڈیرن سیمی

اتوار 17 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کہا کہ ٹرافی نہیں جیتے تو ہر سال پلے آف کھیلنے کی کوئی اہمیت نہیں ہے، 9 پلے آف میں ایک ٹرافی جیتنا کافی نہیں ہے، ہمیں اور بھی فائنل جیتنے چاہیے تھے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ بابر اعظم بہترین لیڈر ہے، انہوں نے پی ایس ایل سے کافی سیکھا ہے اور اپنی لیڈر شپ کوالٹی کو مزید نکھارا ہے۔

ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ اس وکٹ پر ہم نے 15 سے 20 رنز کم بنائے، اور ابتدائی 10 اوورز کے بعد اسلام آباد کو کم بیک کا موقع دیا۔ بیٹرز نے جیسا آغاز فراہم کیا اس کے بعد 200 کا ہدف ذہن میں تھا لیکن 15 سے 20 رنز کم ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پشاور زلمی کی روایتی کرکٹ نہیں تھی، ہم نے بولنگ میں غلطیاں کیں اور ٹیم میں تسلسل کی کمی رہی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹرز عماد وسیم اور حیدرعلی نے بہت زبردست اننگز کھیلی جس کا ہمیں نقصان ہوا۔

پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ کراچی میں کھیلے جانے والے فائنل میں بڑا کراؤڈ آئے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گی۔

کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 185 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے 19ویں اوورز میں ہدف مکمل کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp