سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے کئی اہم مقدمات سماعت کے لیے مقرر کیے گئے ہیں، جن میں ثمینہ خاور حیات، قاسم سوری، تہمینہ دولتانہ، مونال ریسٹورنٹ لیز کیس اور ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے چینی کی قیمتوں، بجلی و گیس کے بلوں میں اضافی سیلز ٹیکس سے متعلق درخواستیں بھی آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کر رکھی ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سابق ایم پی اے ثمینہ خاور حیات کی نااہلی کے خلاف نظرثانی درخواست پر سماعت 19 مارچ کو ہوگی، قاسم سوری کے حلقہ میں دوبارہ انتخابات کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت 20 مارچ کو ہوگی۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر قاسم سوری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
مزید پڑھیں
اس کے علاوہ تہمینہ دولتانہ کی اپنے حلقے میں ووٹوں کی تصدیق کی درخواست پر سماعت بھی 20 مارچ کو ہوگی، تہمینہ دولتانہ نے 2021 میں سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
مونال ریسٹورنٹ لیز کیس اور ایم ڈی پی ٹی وی تعیناتی کیسز کی سماعت 21 مارچ کو ہوگی، چیف جسٹس فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کیسز کی سماعت کرے گا۔
بجلی و گیس کے بلوں میں اضافی سیلز ٹیکس کے خلاف اپیلیں 18 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہیں، جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ نے چینی کی قیمت کے تعین کا مقدمہ بھی 18مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ حکومتی اپیلوں پر سماعت کرے گا۔
یاد رہے لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا تھا کہ چینی سمیت کھانے پینے کی متعدد اشیاء کی قیمتیں مقرر کرنا حکومت کا اختیار نہیں، جس پر ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت نے اپیل دائر کر رکھی ہے۔
بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست 21 مارچ کو سماعت کے لیے مقرر کردی گئی ہے، جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔
یاد رہے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن نے لوڈشیڈنگ کے خلاف نظرثانی درخواست دائر کررکھی ہے۔
پنجاب میں ایڈیشنل سیشن ججز کی تعیناتی کے خلاف درخواستوں پر 22 مارچ کو سماعت ہوگی۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔